ًعمانی بائیکرز پاکستان کا مثبت امیج لے کر جائیں گے، پاکستان پر امن ایٹمی قوت ہی: سردار سلیم حیدر خان

،گورنر پنجاب سے عمانی بائیکرز کی ملاقات، دونوں ممالک کے درمیان عوامی، سیاحتی و ثقافتی روابط کو فروغ دینے پر زور دیا گیا

بدھ 2 جولائی 2025 20:25

eلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے عمان کے شہر بوشر سے تعلق رکھنے والے بائیکرز کے وفد نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ عوامی، ثقافتی اور سیاحتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمانی بائیکرز کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عمانی بائیکرز واپس جا کر دنیا میں پاکستان کا مثبت اور پر امن امیج اجاگر کریں گے ۔انہوں نے پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ اور ایک پرامن ایٹمی قوت ہے، جس نے ہمیشہ اسلامی دنیا کے دفاع، خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے لیے عالمی فورمز پر مؤثر آواز بلند کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ''انڈیا کی جانب سے جب جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر نئی جنگی تاریخ رقم کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاحت، کھیل، ثقافت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبہ جات میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ عمانی بائیکرز کا دورہ پاکستان اور عمان کے درمیان دوستی، ہم آہنگی اور علاقائی اتحاد کا اہم قدم ہے۔بوشر بائیکرز کلب کے رکن محمد النبھانی نے کہا کہ ''ہمیں پاکستان آ کر بے حد خوشی ہوئی، پاکستانی عوام نے جس محبت اور مہمان نوازی کا مظاہرہ کیا، اسے ہم کبھی نہیں بھلا پائیں گے۔

عمانی وفد نے اس موقع پر کہا کہ ان کے دورے کا مقصد خطے میں اتحاد، امن، دوستی اور باہمی تعاون کے پیغام کو عام کرنا ہے۔ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی گلف کے صدر میاں منیر ہنس، نائب صدر کاشف، عاطف اور عمانی وفد کے دیگر ارکان عیسی الحسنی، محمد النبھانی، کامل اے آئی وہبی، ماجد الرواحی، محمد منینی، ماجد الوہابی اور محمد الرواحی بھی شریک تھے۔