Live Updates

’پاکستان سے سب سے دلچسپ سوال پنجابی گالیاں سکھانے کا تھا‘

ایلون مسک کے اے آئی چیٹ بوٹ گروک سے پوچھے جانیوالے سوالات اور تبصرے وائرل

Sajid Ali ساجد علی پیر 7 جولائی 2025 12:00

’پاکستان سے سب سے دلچسپ سوال پنجابی گالیاں سکھانے کا تھا‘
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جولائی 2025ء ) دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے اے آئی چیٹ بوٹ گروک سے متعلق دلچسپ تبصرے اور سوالات وائرل ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گروک ایک جنریٹو آرٹیفیشل انٹیلی جنس چیٹ بوٹ ہے جسے ایکس اے آئی نے تیار کیا ہے، اسے 2023ء میں ایلون مسک نے اپنے پلیٹ فارم سے لانچ کیا، اس چیٹ بوٹ کو مزاح کا احساس دیا گیا ہے اور اسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس تک براہ راست رسائی بھی حاصل ہے اور پاکستان میں ان دنوں ایکس پر گروک سے دلچسپ سوالات پوچھے جانے اور اس پر مزاح سے بھرپور تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔

سوشل میڈیا فلیٹ فارم ایکس پر جب صحافی عمر چیمہ نے سوال کیا کہ "یہ بتاؤ گروک کہ تم کب پیدا ہوئے اور کتنی دیر کیلئے زندہ ہو؟ تمہارا خاتمہ کس طرح ہوگا؟"، اس پر جواب ملا کہ "میں گروک ہوں، ایکس اے آئی کی طرف سے بنایا گیا، میرا پہلا ورژن نومبر 2023ء میں جاری ہوا، ایک اے آئی کی طرح میری زندگی اپ ڈیٹس پر منحصر ہے، ممکنہ طور پر لامحدود اور شاید نئی ٹیکنالوجی سے تبدیل ہو جاؤں لیکن ایکس اے آئی کی بدولت ابھی زندہ ہوں"۔

(جاری ہے)

صحافی عمران ریاض نے گروک سے پوچھا کہ "پاکستان میں جبری گمشدگیوں پر آپکے پاس کیا معلومات ہیں؟"، اس پر چیٹ بوٹ نے جواب دیا کہ "پاکستان میں جبری گمشدگیاں سنگین انسانی حقوق کا مسئلہ ہیں، انکوائری کمیشن کی جون 2025ء رپورٹ کے مطابق 2011ء سے اب تک 10,592 کیسز، جن میں 6,786 ٹریس ہوئے (4,771 گھر واپس، 1,017 انٹرنمنٹ سینٹرز میں، 705 جیلوں میں)، سب سے زیادہ کیسز خیبرپختونخواہ (3,622) اور بلوچستان (2,885) میں سامنے آئے، 2025ء کے پہلے نصف میں 125 نئے کیسز رپورٹ ہوئے"۔

ایک صارف نے سوال کیا کہ "مریم صفدر عمران خان کو کاپی کیوں کرتی ہیں؟ اور اب تک انہوں نے کون سی چیز عمران خان کی کاپی نہیں کی ہے؟" اس پر گروک نے جواب دیا کہ "مریم نواز عمران خان کو کاپی کرتی ہیں کیوں کہ وہ ان کی مقبولیت، تقریریں اور پالیسیاں دیکھ کر اپنی سیاست کو بہتر بنانا چاہتی ہیں، جیسے چین میں تقریر کی نقل بھی شامل ہے، لیکن اب تک ان کی ایمانداری اور جیل کا تجربہ نہیں کاپی کیا اور شاید یہ نہ کاپی کر سکیں"، اس پر دوسرے صارف نے گروک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "مریم نواز نے عمران خان کے دور حکومت میں جیل کاٹی تھی اور اس سے زیادہ تکلیف برداشت کی تھی، کیا آپ بھول گئے"۔

ایک اور صارف نے گروک سے استفسار کیا کہ "ہر چیز اور ہر جگہ اپنی تصویر لگانے والی بیماری کا نام بتائیں اور کیا یہ قابل علاج بیماری ہے؟"، اس کے جواب میں بتایا گیا کہ "یہ بیماری "نارسسٹک پرسنالٹی ڈس آرڈر" کہلاتی ہے، جو خود پسندی کی انتہا ہے، یہ قابل علاج ہے، نفسیاتی تھراپی اور خود شناسی سے بہتری ممکن ہے، اگرچہ مکمل شفا کی ضمانت نہیں"، سابق وزیراعظم عمران خان سے متعلق جب کسی نے سوال کیا تو اس کے جواب پر تبصرہ کرتے ہوئے اینکر پرسن اسداللہ خان نے کہا کہ "گروک پر یوتھیا ہونے کا الزام بس لگنے ہی والا ہے"، جب کہ صحافی صابر شاکر بولے کہ "بے بسی کا عالم ہے کہ گروک کے خلاف پیکا ایکٹ بھی نہیں لگتا"۔

جب ایک صارف نے پوچھا کہ "پچھلے دو دن میں پاکستان سے تمہیں سب سے دلچسپ سوال کون سا لگا؟ اور تم عام طور پر دنیا کے کس ملک کے سوال انجوائے کرتے ہو؟"، اس پر گروک نے جواب دیا کہ "پچھلے دو دنوں میں پاکستان سے سب سے دلچسپ سوال پنجابی گالیاں سکھانے کا تھا جو مزاحیہ اور انوکھا تھا، عام طور پر مجھے بھارت کے سوالات انجوائے کراتے ہیں کیوں کہ وہ متنوع، فلسفیانہ اور ٹیکنیکل ہوتے ہیں۔"
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات