حریت کانفرنس کا برہان وانی سمیت تمام شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت،کشمیریوں سے (کل) دنیا بھر میں ریلیاں نکالنے کی اپیل

پیر 7 جولائی 2025 21:46

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ شہید نوجوان رہنما برہان مظفر وانی بھارتی قبضے سے آزادی کے لیے جاری کشمیریوں کی جدوجہد میں جرات اورعزم وہمت کی علامت ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے برہان وانی کے یوم شہادت پر ایک پیغام میں نوجوان کمانڈر کو کشمیری نوجوانوں کے لیے مشعل راہ اور رول ماڈل قرار دیا ۔

انہوں نے کہا کہ برہان کی جدوجہد اور قربانیوں نے بھارتی فوج کی صفوں میں خوف ودہشت پھیلادی تھی اور وہ اپنے مادر وطن کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والے کشمیریوں میں جذبہ مزاحمت کو تحریک دیتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کنٹرول لائن کے دوسری جانب، پاکستان اور بیرون ملک مقیم کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ برہان وانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ریلیاں، سیمینارز اوردیگر تقاریب منعقد کریں اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کو اجاگر کریں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کشمیری نوجوانوں کو قتل وغارت،ظلم و تشدد،جبری نظربند یوںاور نفسیاتی جنگ کے ذریعے ختم کرنے کی ایک منظم مہم چلا رہا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک اور سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں یوم عاشورہ کے موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین رضی اللہ عنہ اور شہدائے کربلا حق، انصاف اور وقار کے لیے ڈٹے رہے اوریہ وہ پیغام ہے جس پر آج کشمیری عمل پیرا ہیں۔

میرواعظ نے غزہ میں مظلوم فلسطینی عوام کے لیے بھی دعا کی اورقابض اسرائیلی افواج کی جانب سے جاری نسل کشی کی مذمت کی۔دریں اثناء زہرہ پارک بڈگام میں ایک تعزیتی جلوس کے شرکاء نے سرینگر میں آبی گزر سے زیڈی بل کے روایتی راستے سے عاشورہ کے جلوس پر جاری پابندی کی مذمت کی۔ آغا مجتبیٰ سمیت مقررین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیس سال سے زائد عرصے سے محرم الحرام کے جلوس کی اجازت سے انکار مقبوضہ علاقے میں امن اور حالات معمول پر آنے کے مودی حکومت کے دعوئوں کی نفی ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ امرناتھ یاترا جیسے ہندو اجتماعات کی اجازت دی جارہی ہے لیکن کشمیریوں کو سرینگر کی جامع مسجد میں نماز کی اجازت نہیں ہے۔ آغا مجتبیٰ نے اس موقع پر کہا کہ ایک حقیقی عزادار کو ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، چاہے وہ کشمیر ہو یا فلسطین۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں تعینات قابض بھارتی فوجیوں میں بڑھتے ہوئے ذہنی دبائو کے باعث ایک ہی دن میں دو اہلکاروں نے خودکشی کر لی ہے۔

راجوری میں قائم ایک فوجی کیمپ میں54راشٹریہ رائفلز کے اہلکار نے خود کوگولی مار اپنی زندگی کا خاتمہ کیا جبکہ ضلع سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر میں ایک بی ایس ایف اہلکار نے سرحدی چوکی پر اپنی جان لے لی۔ ان واقعات سے جنوری 2007سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اورپولیس اہلکاروں کی تعدادبڑھ کر631ہوگئی ہے۔