مذاکرات طے پاگئے، مناسب وقت پر ایران سے پابندیاں اٹھا لوں گا، امریکی صدر

اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد فلسطینیوں کو غزہ سے بے دخل کرنے کے منصوبے میں پیشرفت کا بھی اشارہ دیدیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 8 جولائی 2025 13:38

مذاکرات طے پاگئے، مناسب وقت پر ایران سے پابندیاں اٹھا لوں گا، امریکی ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جولائی 2025ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر سے پابندیاں اٹھانے عندیہ دے دیا، اس کے علاوہ اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد فلسطینیوں کو غزہ سے بے دخل کرنے کے منصوبے میں پیشرفت کا بھی اشارہ دیا۔ غیرملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی وائٹ ہاؤس میں عشائیے پر ملاقات ہوئی جہاں صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت سمیت دنیا میں کئی جنگیں روکنے کا ذکر کیا اور کہا کہ تجارت کے نام پر دونوں ممالک نے جنگ روکی، پاکستان اور بھارت دونوں کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران بھی مذاکرات کیلئے تیار ہے، ہم نے ایران کے ساتھ مذاکرات کا شیڈول بنایا ہے، دنیا میں جنگیں رکوانے کیلئے مسلسل کوششیں کررہا ہوں، امید ہے اسرائیل ایران جنگ ختم ہو چکی ہے، ایران پر ایک اور حملے ضرورت نہیں پڑے گی، اسرائیل کے پڑوسی ممالک سے بہت اچھا تعاون ملا، ہمیں اطراف کے تمام ممالک سے شاندار تعاون ملا ہے، ہر ایک نے تعاون کیا ہے لہٰذا کچھ اچھا ہونے والا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں جو فلسطینیوں کو بہتر مستقبل دینا چاہتے ہیں، اگر لوگ یہاں رہنا چاہتے ہیں تو رہ سکتے ہیں لیکن اگر وہ جانا چاہیں تو انہیں جانے کی اجازت ہونی چاہیئے، ہم امریکہ کے ساتھ قریبی تعاون کر رہے ہیں تاکہ ایسے ممالک تلاش کیے جا سکیں جو فلسطینیوں کو بہتر مستقبل دینے کی بات ہمیشہ کرتے رہے ہیں، میرا خیال ہے کہ ہم کئی ایسے ممالک کے قریب پہنچ چکے ہیں، ہم ان فلسطینی ہمسایوں کے ساتھ امن قائم کریں گے جو ہمیں تباہ نہیں کرنا چاہتے، اور ایسا امن قائم کریں گے جس میں ہماری سلامتی یعنی خودمختار سیکیورٹی اختیار، ہمیشہ ہمارے پاس ہی رہے گا۔