پاکستان نے صدر ٹرمپ کی نوبل امن انعام کے لیے باضابط نامزدگی کی ہے .ترجمان وائٹ ہاﺅس

صدر ٹرمپ کی توجہ حماس کو جنگ بندی پر رضامند کرانے پر مرکوز ہے جس میں قطر اور مصر کلیدی ثالث کا کرداراداکررہے ہیں.کیرولین لیویٹ کی پریس بریفینگ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 8 جولائی 2025 14:59

پاکستان نے صدر ٹرمپ کی نوبل امن انعام کے لیے باضابط نامزدگی کی ہے .ترجمان ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔08 جولائی ۔2025 ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل کی جانب سے نوبل امن انعام کی نامزدگی سے قبل پاکستان نے صدر ٹرمپ کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کی تھی جبکہ کئی ممالک اور امریکی اراکین کانگریس نے بھی ان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا ہے.

(جاری ہے)

وائٹ ہاﺅس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکہ کی داخلی اور خارجی پالیسیوں سے متعلق تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جن میں ٹیکساس کے سیلابی بحران، امیگریشن پالیسی، مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی اور صدر ٹرمپ کی سفارتی کامیابیاں شامل ہیں کیرولین لیویٹ نے تصدیق کی کہ ٹیکساس میں شدید سیلابی ریلوں کے باعث کم از کم 91 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں.

انہوں نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ ریاستی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ہنگامی امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے پہلے ہی وارننگ جاری کی گئی تھی لیکن بارشوں کی شدت توقع سے کہیں زیادہ رہی. ترجمان نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے تجویز کردہ امیگریشن اصلاحاتی بل ”بگ بیوٹی فل بل“ کو باقاعدہ قانونی حیثیت حاصل ہو چکی ہے یہ قانون غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور قانونی داخلے کو فروغ دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے کیرولین لیویٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں غیرقانونی طور پر امریکہ آنے والے تارکینِ وطن میں تاریخی کمی واقع ہوئی ہے جو ایک بڑی پالیسی کامیابی ہے.

انہوں نے کہا کہ 1999 سے کاراگوا اور ہنڈوراس کے شہریوں کو دی گئی عارضی رہائشی سہولت کو اب ختم کیا جا رہا ہے کیونکہ یہ سہولت کبھی بھی مستقل نہیں تھی انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے حالیہ برسوں میں متعدد بین الاقوامی تنازعات کے خاتمے میں اہم اور فیصلہ کن کردار ادا کیا جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی ایران اور اسرائیل میں ممکنہ جنگ کی روک تھام اور روانڈا اور کانگو کے درمیان تاریخی امن معاہدہ شامل ہے.

ترجمان نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی توجہ اس وقت حماس کو جنگ بندی پر رضامند کرانے پر مرکوز ہے جبکہ قطر اور مصر اس عمل میں کلیدی ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں صدر ٹرمپ نے غزہ کی تعمیرنو کی تجویز بھی پیش کی ہے اور جنگ بندی کے ساتھ مغویوں کی واپسی پر زور دیا ہے کیرولین لیویٹ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ غزہ کی تعمیر نو چاہتے ہیں، حماس کو جنگ بندی کا نیا معاہدہ قبول کرنا چاہئے.