برہان وانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے میرپور، راولاکوٹ ،سماہنی اور کوٹلی میں ریلیاں

منگل 8 جولائی 2025 21:50

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) ممتاز نوجوان کشمیری رہنما برہان مظفروانی کوان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے میرپور آزادکشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن سیل ، سول سوسائٹی اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر برہان مظفر وانی شہید اور شہدائے تحریک آزادی کشمیر کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شہید رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے راولاکوٹ میں بھی جموں و کشمیر لبریشن سیل اور ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ایک ریلی نکالی گئی ۔ شرکاء نے آزادی کشمیر کے حق میں اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیرکو حل کرانے میں اپنا کردار اداکرے۔دریں اثناء سب ڈویژن سماہنی میں تحصیل انتظامیہ کے زیر اہتمام ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سول سوسائٹی کے ارکان، میڈیا نمائندگان اور وکلا ء سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء نے برہان مظفر وانی شہید کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا اورآزادی کے حق میں اوربھارت کے خلاف نعرے بلند کئے۔ احتجاجی مظاہرے سے دیگر لوگوں کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر حسام ساجد اورمقامی بارایسوسی ایشن کے صدر چوہدری منیر اللہ ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہاکہ شہید برہان مظفر وانی کی قربانی تحریک آزادی کاتسلسل ہے جسے بھارت کبھی ختم نہیں سکتا ۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق رائے شماری چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت طاقت کے بل پر تحریک آزادی کشمیرکو دبا نہیں سکتا اورنہ پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کا رشتہ کمزور کرسکتا ہے۔ادھر گلپورکوٹلی میں جموں کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں شہید برہان وانی اوردیگر شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا۔

ریلی میں دیگرلوگوں کے علاوہ جموں کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے وائس چیئرمین قاضی عمران، سردار حاجی عارف، خواجہ ایاز، راجہ سرفراز، سردار آفتاب عارف، شبیر چیچی، چوہدری ریاض، سردار الیاس، سردار بشارت حسین، ظہیر جرال، سردار مبین، سردار فرید، سردار فیضان محمود، ملک محمد ریاست، چوہدری لیاقت، امتیاز علی آرزو، چوہدری عبد الرئوف ، امتیاز بٹ،ماسٹر محمد ضمیر اور سردار منیر حسین نے بھی شرکت کی۔