Live Updates

ہماری پارٹی یرغمال بن چکی ہے، علی امین گنڈاپور نہیں چاہتے عمران خان رہا ہوں، پی ٹی آئی رکن صوبائی نے پارٹی قیادت پر سنگین الزامات عائد کر دئیے

سینیٹ انتخابات سے قبل تحریک انصاف میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے،بیرسٹر گوہر، شکیل خان آفریدی او عاطف خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی خواہش ہے کہ مشال یوسفزئی کو سینیٹ کا ٹکٹ دیا جائے،علی امین گنڈاپور نے انکار کرتے ہوئے کہا عمران خان یا کوئی بھی کہہ دے میں مشال کو سینیٹر نہیں بناؤں گا، طارق آریانی کا مردان میں کارکنوں سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 10 جولائی 2025 13:24

ہماری پارٹی یرغمال بن چکی ہے، علی امین گنڈاپور نہیں چاہتے عمران خان ..
مردان(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جولائی 2025)خیبرپختونخواہ صوبائی اسمبلی کے رکن طارق آریانی کا کہنا ہے کہ ہماری پارٹی یرغمال بن چکی ہے، علی امین گنڈاپور نہیں چاہتے کہ بانی پی ٹی آئی رہا ہوں، پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی نے پارٹی قیادت پر سنگین الزامات عائد کر دئیے، سینیٹ کے انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے۔

آج نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی طارق آریانی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں انہوں نے پارٹی قیادت پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔مردان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے طارق آریانی نے انکشاف کیا کہ بیرسٹر گوہر، شکیل خان آفریدی اور عاطف خان نے انہیں فون کر کے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی خواہش ہے کہ مشال یوسفزئی کو سینیٹ کا ٹکٹ دیا جائے لہٰذا وہ مشال کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ بن جائیں لیکن وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے انکار کرتے ہوئے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان یا کوئی بھی کہہ دے میں مشال کو سینیٹر نہیں بناؤں گا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی طارق آریانی نے کارکنوں سے سوال کیا سب بتائیں کیا ہماری حکومت میں کرپشن عام نہیں ہو چکی؟‘ جس پر کارکنوں نے کھلے عام تصدیق کی کہ جی ہاں کرپشن ہو رہی ہے۔انہوں نے کارکنوں سے یہ بھی پوچھا کہ کیا ہماری یہ حکومت اے این پی کی حکومت سے بدتر نہیں؟۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹ میں خیبر پختونخوا کی نشستوں پر انتخابات کیلئے امیدواروں کی فہرست جاری کردی تھی۔

سینٹ میں خیبرپختونخوا ہ کی خالی نشستیں 11 تھیں جن میں جنرل کی 7 نشستوں پر 16،  ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں پر 6 اور خواتین کی 2 نشستوں پر 4 امیدوار میدان میں ہیں۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ الیکشن کیلئے پرانے اور نئے چہرے میدان میں اترے تھے۔الیکشن کمیشن نے صوبے کی 7 جنرل نشستوں کیلئے کل 16 امیدواروں کی فہرست جاری کی تھی۔ خواتین کی نشستوں کیلئے چار اور ٹیکنو کریٹ کیلئے 6 امیدواروں کی فہرست جاری کی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن کاکہناتھاکہ 27 مارچ، 2024 کو بننے والی فہرست ہی حتمی تصور کی جائے گی، سینیٹ انتخابات کیلئے کوئی نئے کاغذات نامزدگی نہیں ہوں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق خواتین کی نشستوں کیلئے پی پی پی کی ایک امیدوار قسمت آزمائی کریں گی۔جنرل نشست کیلئے امیدواروں میں پیپلز پارٹی کا 1 امیدوار،جییو پی 1 اور ن لیگ کا ایک امیدوار شامل تھاجبکہ ٹیکنوکریٹ سیٹ کیلئے جے یو پی کا ایک امیدوار مقابلے کیلئے میدان میں اترے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات