حافظ طاہر محمود اشرفی کا ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی موت پر اظہار افسوس

جمعرات 10 جولائی 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک دردناک واقعہ قرار دیا ہے۔ لاہور پریس کلب میں میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام نے عورت کو جو تحفظ، آزادی اور خودمختاری دی ہے، اس کی مثال کسی اور مذہب میں نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی کریم ۖ نے بیٹیوں کو جو مقام عطا فرمایا، وہ قیامت تک کوئی اور نہیں دے سکتا،حمیرا اصغر کی موت ہمارے لیے ایک سبق اور یہ انسانی حرمت کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ماں باپ سے علیحدہ رہنے یا تعلق ختم کرنے کا درس دیتے ہیں، انہیں ایسے واقعات سے سیکھنا چاہئے۔حافظ طاہر اشرفی نے حمیرا اصغر کے والدین اور قریبی رشتہ داروں سے اپیل کی کہ وہ تدفین کے عمل میں آگے آئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ اداکارہ کی تدفین کا بندوبست کیا جائے، کیونکہ یہ ایک عورت کی حرمت کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی تیار نہ ہوا تو پاکستان علما کونسل کی جانب سے تدفین کی ذمہ داری لی جائے گی اور میت حوالے کی جائے۔چیئرمین پاکستان علما کونسل نے بتایا کہ چند روز کے دوران ایسے دو واقعات پیش آئے ہیں جن میں اکیلی خواتین مردہ پائی گئیں، جو معاشرے کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

محرم الحرام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علما نے مثالی کردار ادا کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں پاکستان بھر میں مذہبی ہم آہنگی کا بہترین مظاہرہ دیکھنے کو ملا، افواج پاکستان، رینجرز، پولیس، وزیر اعلی پنجاب اور گورنر پنجاب کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔اسرائیلی جارحیت اور فلسطین کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران پر حملے کی بھی مذمت کی اور واضح کیا ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست کے بغیر کوئی بھی حل قابل قبول نہیں ہوگا، کوئی بھی غزہ اور فلسطین کو خالی نہیں کرا سکتا۔