کاشف سعید شیخ کی قیادت میں وفد کی ایرانی قونصلیٹ کراچی میں ناظم الامور سے ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کا اسرائیلی و امریکی جارحیت کے خلاف مردانہ وار مقابلہ کرنے پر مبارکباد دی

جمعہ 11 جولائی 2025 20:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)جماعت اسلامی سندھ کے اعلیٰ سطحی وفد نے صوبائی امیر کاشف سعید شیخ کی قیادت میں کراچی میں تعینات ایرانی قونصلیٹ کے قائم مقام ناظم الامور سے ملاقات کی اور انہیں اسرائیلی جارحیت کا مردانہ وار مقابلہ کرنے پر اسلامی جمہوری ایران کی قیادت اور قوم کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ ایرانی قوم اور مسلح افواج نے اسرائیلی و امریکی جارحیت کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا اس نے امت کا سر فخر سے بلند کردیا ہے،تمام تر غیر ملکی پابندیوں اور سازشوں کے باوجود ایران نے ہمیشہ غزہ و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں اور قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کیلئے بڑھ چڑھ کر کردار ادا کیا ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا شیطان امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کو فلسطینی مزاحمت کاروں کی حمایت پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔جماعت اسلامی نے ایران کیخلاف امریکی واسرائیلی جارحیت پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور عوام کو برادر ملک کے حق میں موبلائز کیا،.صہیونی دشمن کی یہ بھول ہے کہ اس کے برادر اسلامی ملک پر کئے گئے بزدلانہ حملے مزاحمتی محاذوں کو کمزور کر سکتے ہیں اور خطے میں اس کے کمزور وجود کے ستون مضبوط ہوجائیں گے تو یہ اس کی غلط فہمی ہے۔

بلکہ اس کی پے درپے کی جانے والی غلطیاں اسے ان شائ اللہ صفحہ ہستی سے مٹادیں گی۔ اس موقع پر صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز،افضال احمدآرائیں، ڈپٹی جنرل سیکریٹری علامہ حزب اللہ جکھرو اور معاون خصوصی زاہد حسین راجپر بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین پر اسرائیل کے غیرقانونی اور ناجائز قبضے،نوآبادیاتی جبر ،غیرانسانی نسل پرستانہ اور نسل کشی پر مبنی اخلاقیات اور انسانیت سے عاری جنگی جرائم انسانیت کی تمام حدود پار کرچکی ہیں۔

امریکہ اور اسرائیل کے ایران کیخلاف حملے بھی اسی وسیع تر نسل کشی کے منصوبے کا حصہ ہیں۔ایک خودمختار،آزاد ملک پر حملہ تمام تر عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔اسرائیل کا وسیع تر اسٹریجک مقصد مشرق وسطیٰ کے سیاسی نقشے کو دوبارہ ترتیب دینا اور تمام مزاحمتی تحریکوں کو کچلنا ہے،اسرائیل کے سامراجی اور توسیع پسندانہ عزائم پورے خطے میں عدم استحکام اور عالمی امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں،12روزہ جارحیت کے بعد ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان ایرانی عوام، قیادت اور فوج کی شاندار مزاحمت کا نتیجہ ہے۔

ایران، تمام تر پابندیوں اور مشکلات کے باوجود آج بھی فلسطینی کاز سب سے بڑا حامی مسلم ملک ہے، جو صرف زبانی جمع خرچ نہیں بلکہ عملی طور پر حماس، اسلامی جہاداور حزب اللہ جیسی مزاحمتی تحریکوں کی حمایت کرتا ہے۔چند عرب ممالک کی جانب سے ٹرمپ کے شیطانی ’’ابراہم‘‘ معاہدے کو تسلیم کرتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی اور معاشی و سیکیورٹی تعاون،سرائیل کو تسلیم کرنا غزہ کے 70ہزار مسلمانوں کے خون سے سنگین غداری ہے۔

فیلڈ مارشل ہو یا شہباز حکومت غاصب اور ناجائز ریاست اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کسی بھی کوشش کو قوم ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔ ایران کے قائم مقام ناظم الامور ڈاکٹر واحد اصغری نے جماعت اسلامی سندھ کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم اور حکومت جماعت اسلامی پاکستان کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستانی عوام اور تمام دینی جماعتوں کی جانب سے جس طرح ایران کے موقف کی تائید کی گئی اس سے نہ صرف ایران کا حوصلہ بڑھا بلکہ ایرانی عوام کے دلوں میں پاکستانی عوام اور دینی جماعتوں خصوصاً جماعت اسلامی کیلئے محبت میں مزید اضافہ ہواہے۔