وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی بلوچستان میں نہتے شہریوں کو دوران سفر قتل کرنے کے واقعہ کی مذمت

جمعہ 11 جولائی 2025 21:05

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی بلوچستان میں نہتے شہریوں کو دوران ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بلوچستان میں گزشتہ شب نہتے شہریوں کو دوران سفر قتل کرنے اور دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن جنگ کے میدان میں شکست کھانے کے بعد بلوچستان میں معصوم شہریوں پر ظلم کرا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ادارے پوری قوت کے ساتھ اس فتنے کو کچلنے کے لئے سرگرم عمل ہیں اور ابھی دو دن پہلے ہی درجنوں دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا ہے۔ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پاک فوج اور سکیوٹی اداروں پر اعتماد، باہمی اتحاد اور قومی جذبہ ہی ہماری مضبوطی کا ضامن ہوگا اور ہمیں یکجہتی سے دہشت گردی کے اس ناسور کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ نا قابل تلافی نقصان ہمت اور حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔