جماعت اسلامی پنجاب کی بلوچستان میں پنجاب سے تعلق رکھنے والوں کے قتل کی مذمت

جمعہ 11 جولائی 2025 22:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے بلوچستان میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی ایسے متعدد واقعات ہو چکے ہیں مگر المیہ یہ ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اصل ذمہ داران کو گرفتار کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں ۔

ساری دنیا جانتی ہے کہ بلوچستان میں انڈین نیوی کا حاضر سروس آفیسر کلبھوشن اپنے پورے نیٹ ورک کے ساتھ بے نقاب ہو چکا ہے۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ بلوچستان میں محنت اور مزدوری کرنے والے والے افراد کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے بد قسمتی سے ایک تسلسل کے ساتھ بلوچستان میں پنجاب کے لوگوں کو قتل کیا جار ہا ہے ۔

(جاری ہے)

پوری قوم حکمرانوں سے سوال پوچھتی ہے کہ حکومت نے ان بے گناہ اور نہتے لوگوں کی حفاظت کے لئے کیا اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آہستہ آہستہ حالات سنگین ہوتے جا رہے ہیں بلوچستان پورے ملک سے تعلق رکھنے والوں کے لئے علاقہ غیر بنتا جا رہا ہے۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بلوچستان میں بھارت اور اسرائیل پاکستان کی سلامتی پر وار کر رہے ہیں ۔ الحمد اللہ ہماری بہادر افواج نے ملکی سرحدوں کی طرح جیسے حفاظت کی ویسے ہی ان مٹھی بھر دہشت گردوں کا قلع قمع کرے گی۔ قوم ساتھ کھڑی ہے ۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جماعت اسلامی پنجاب بے گناہ مزدوروں کے لواحقین کے غم میںبرابر کی شریک ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے کی پشت پر کھڑی تمام قوتوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے ۔