کشمیری کل ”یوم شہدائے کشمیر“ منائیں گے

ہفتہ 12 جولائی 2025 15:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) کنٹرول کے دونوں جانب ،پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل 13 جولائی 1931 کے شہدااور دیگر تمام کشمیری شہداکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ”یوم شہدائے کشمیر“ منائیں گے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل بروز اتوار بھارت کےغیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی اور سری نگر کے نقشبند صاحب میں وا قع شہداقبرستان کی طرف مارچ کیا جائے گا جہاں 13 جولائی کے شہدامدفون ہیں۔

ہڑتال اور مارچ کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے جبکہ تمام آزادی پسندتنظیموں اور رہنمائوں نے اس ی حمایت کی ہے۔حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری بیان میں کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ ہڑتال اور مارچ کو کامیاب بنائیں تاکہ بھارت کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کو یہ واضح پیغام دیا جاسکے کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنے شہداکے عظیم مشن کو جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

شہداکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آزاد کشمیر، پاکستان اور دنیا کے تمام بڑے دارالحکومتوں میں ریلیاں، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔یاد رہے کہ ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کے فوجیوں نے 13 جولائی1931 کو 22 کشمیریوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا۔ شہید ہونے والے یہ افراد ان ہزاروں لوگوں میں شامل تھے جو عبدالقدیر نامی ایک شخص کے خلاف مقدمے کی سماعت کے موقع پرسرینگر سینٹرل جیل کے باہر اکھٹے ہوئے تھے جس نے کشمیری عوام کو ڈوگرہ حکمرانی کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا کہا تھا۔

نماز ظہر کے وقت ایک کشمیری نوجوان نے جب اذان دینا شرو ع کی تو مہاراجہ کے فوجیوںنے اسے گولی مارکر شہید کر دیا۔اس کے بعد ایک اور شخص اذان پوری کرنے کےلئے کھڑا ہوا تو اسے بھی شہید کردیا گیا۔ یوں اذان مکمل ہونے تک 22کشمیریوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیر ی ان عظیم شہداءکی یاد میں ہر برس 13جولائی کو”یوم شہدائے کشمیر“ کے طور پر مناتے ہیں۔