شہدا کشمیر کی قربانیاں تحریکِ آزادی کشمیر کا ناقابلِ فراموش باب ہیں،بھارت کے مظالم کشمیری عوام کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے، پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا، سردار ایاز صادق

ہفتہ 12 جولائی 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 جولائی 1931ء کو سری نگر کی سینٹرل جیل کے باہر جامِ شہادت نوش کرنے والے 22 کشمیریوں کی قربانی تحریکِ آزادی کشمیر کا ایک ناقابلِ فراموش باب ہے۔ہفتہ کو یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان شہداء نے حق گوئی، آزادی اور حقِ خودارادیت کے لیے اپنی جانیں قربان کر کے یہ ثابت کیا کہ کشمیری عوام اپنے مقصد کے حصول کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی ریاستی جبر، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور طاقت کے ظالمانہ استعمال کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں اور اپنی آزادی کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کشمیری عوام کی آواز دبانے کے لیے چاہے جو ہتھکنڈے اپنائے، وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حقِ خودارادیت کشمیری عوام کا ایک ناقابلِ تنسیخ حق ہے، جسے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے بھی تسلیم کیا جا چکا ہے۔

سردار ایاز صادق نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ انصاف کی فراہمی کے لیے اس ظلم و جبر کے خلاف اپنی آواز بلند کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان کی متعدد قراردادیں اس بات کی گواہ ہیں کہ پاکستانی عوام اور ان کے نمائندے ہر موقع پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور جدوجہدِ آزادی کی حمایت میں آواز بلند کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے مستقل حل تک کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے شہدائے کشمیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے بھارتی جبر، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور ظلم و ستم کے خلاف ثابت قدمی سے جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہدائے کشمیر کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ دن جلد آئے گا جب کشمیری عوام انصاف اور آزادی کی اس جنگ میں کامیابی حاصل کرکے کھلی فضا میں زندگی بسر کر سکیں گے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیری عوام کے ساتھ اپنی حمایت جاری رکھے گا۔