وزیراعظم شہباز شریف کی اولین ترجیح ملکی ترقی و عوامی خوشحالی ہے ،وفاقی وزیر رانا تنویر حسین

اتوار 13 جولائی 2025 01:10

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما اوروفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمدشہبازشریف کی اولین ترجیح ملکی ترقی وعوامی خوشحالی ہے،موجودہ حکومت نے زراعت ،صحت اورتعلیم سمیت ہر شعبہ میں انقلابی پروگرامز شروع کئے ہیں جن کے ثمرات عوام میں منتقل ہورہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قصبہ جھبراں میں نادر ا آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری سردار محمد عرفان ڈوگر، سابق ناظم رانا ممتازمحمود مون خاں، نواز لیگ کے سینئر رہنما چوہدری شہباز چھینہ، رانا وحید احمد خاں، بیرسٹر جمال مجتبیٰ، چوہدری محموداختر گورایہ، سابق ناظم قلب حسین بھٹی، چوہدری اظہار حسین مون خاں بھٹی، چوہدری سرفراز چھینہ، رانا عبدالجبار خاں و دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کی بہترین سفارتکاری کی بدولت پاکستان کے دوست ممالک سمیت تمام ممالک کے ساتھ تعلقات بتدریج مضبوط ہو رہے ہیں اور پاکستان دنیا میں آگے بڑھ رہا ہے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ نواز لیگ کی حکومت نے اپنے ہر دور اقتدار میں عوام کو سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کیں اورملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا، بندرگاہیں ،یونیورسٹیاں ،بجلی گھر ،موٹر ویز اور میگا ترقیاتی منصوبےن لیگ کی حکومت نے ہی دیئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی متحرک قیادت میں ملک ترقی کی جانب گامزن ہے، سٹاک ایکسچینج 12ہزار سے بڑھ کر 1لاکھ 35ہزار انڈکس پر پہنچی جو تاریخی ریکارڈ ہے،اسی طرح موجودہ حکومت نے زراعت کے شعبہ میں کسان کارڈز کے اجرا سمیت مفت ٹریکٹرز کی تقسیم جیسے انقلابی پروگرامز شروع کئے ،آئندہ چھ ماہ میں کسانوں کو بہترین معیاری بیج دیں گے تاکہ فصلوں کی پیداوار بڑھ سکے ،جعلی بیج کے کاروبار میں ملوث 392کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کئے جبکہ 12سو کمپنیوں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے سرگرم ہیں، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں وفاق اور صوبہ میں گورننس کا بیڑہ غرق کردیا گیا ،بانی پی ٹی آئی اور عثمان بزدار نے ملک کو دیوالیہ کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی تاہم ہماری حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور گڈ گورننس یقینی بنائی، انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ ہر شہری کا حق اور ضرورت ہے ،جھبراں منڈی میں نادرا سنٹر کے قیام سے علاقہ کے لوگوں کو بڑی سہولت میسر آئی ہے۔