پاکستان سمیت دنیا بھر میں اتوار 13 جولائی کو یومِ شہدائے کشمیر عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

اتوار 13 جولائی 2025 12:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں اتوار 13 جولائی کو یومِ شہدائے کشمیر عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس دن کی مناسبت سے دنیا بھر میں مقیم کشمیری برادری کی جانب سے ریلیاں، جلسے، جلوس اور تقریبات میں تحریکِ آزادی کشمیر کے ان 22 عظیم شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے 13 جولائی 1931 کو سری نگر کی سینٹرل جیل کے باہر ڈوگرہ راج کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا اور شہداء نے اذان کے دوران ظلم کے سامنے جھکنے سے انکار کیا۔

اذان دینے والے ساتھی کو شہید ہوتے دیکھ کر ہر بار ایک نیا کشمیری اٹھا اور اذان مکمل کرنے کے لیے اپنی جان قربان کر دی یہاں تک کہ اذان مکمل ہوئی اور 22 نوجوان شہید ہو گئے۔

(جاری ہے)

ان کی قربانی نے آزادی کی تحریک کو ایک نئی روح بخشی اور آج بھی کشمیری عوام ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر کے تمام اضلاع بشمول مظفرآباد میں مختلف ریلیاں نکالی گئیں جن میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہے۔

جلسوں میں شہداء کی قربانیوں کو یاد کیا گیا اور آزادی کے عزم کو دوہرایا گیا۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سمیت قومی قیادت نے بھی یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغامات میں ان شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔واضح رہے کہ یومِ شہدائے کشمیر نہ صرف ماضی کی یادگار ہے بلکہ یہ تحریک آزادی کشمیر کے تسلسل کا دن بھی ہے جس میں کشمیری عوام آج بھی اپنے خون سے آزادی کی داستانیں تحریر کر رہے ہیں۔