Live Updates

پیپلزپارٹی چاہتی ہے نظام اور جمہوریت چلتی رہے. ندیم افضل چن

ابھی پیپلزپارٹی کےلئے ہوا سازگار بننے نہیں دی جارہی ، حکومت کی طرف سے اسپیس نہیں دیا جا رہا ، پیپلزپارٹی نظام کے ساتھ کھڑی رہی تو نظام سے فائدہ اٹھانے والے بچے رہیں گے. پیپلزپارٹی راہنما کی گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 14 جولائی 2025 16:00

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 جولائی ۔2025 ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ ابھی پیپلزپارٹی کےلئے ہوا سازگار بننے نہیں دی جارہی ، حکومت کی طرف سے پیپلزپارٹی کو اسپیس نہیں دیا جا رہا ، پیپلزپارٹی نظام کے ساتھ کھڑی رہی تو نظام سے فائدہ اٹھانے والے بچے رہیں گے،پارٹی چاہتی ہے کہ یہ نظام اور جمہوریت چلتی رہے.

انہوں نے کہا کہ پارٹی کوئی گیم نہیں کھیلتی، کوئی مشکل میں پڑتا ہے تو جمہوریت کے پردے کے پیچھے چھپتا ہے، کوئی جمہوریت کے پردے کے پیچھے چھپتا ہے تو پارٹی کی مددکی ضرورت پڑ جاتی ہے.

(جاری ہے)

سیاسی راہنماﺅں کی پی پی میں شمولیت کے سوال پر ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں متعدد لوگ پیپلزپارٹی میں آنا چاہتے ہیں لیکن حکومتی ہتھکنڈے پنجاب میں لوگوں کوپی پی میں شمولیت سے روکتے ہیں جہانگیر ترین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین پیپلزپارٹی میں آئے تو ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے ، جہانگیر ترین نے کہا ہے اگر وہ سیاست کریں گے، تو مخدوم احمد محمود کے ساتھ کریں گے ، مخدوم احمد محمود پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدراور سینئر رہنما ہیں، جہانگیر ترین کی پی پی میں شمولیت سے متعلق پھر ہاں ہی سمجھیں.

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ جب کوئی جمہوریت کے نام پراقتدار کے مزے لیتا ہے تو پی پی میں قباہتیں نظرآتی ہیں، جمہوریت کے لیے پیپلزپارٹی سے زیادہ کسی نے قربانیاں نہیں دیں انہوں نے بتایا کہ بے نظیر بھٹو کو مچھ جیل میں قید کیا گیا جہاں بجلی نہیں تھی، خاوند11سال جیل میں تھا، بے نظیر بھٹو کے بچے دربدر ہوگئے، انہوں نے کارکن کے ساتھ جدوجہد کی، کسی کی مشکلات کا موازنہ نہیں کیا جاتا، سہولتوں کا موازنہ کیا جاتا ہے .

عمران خان سے متعلق سوال پر پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ کسی کےلئے مشکل ہو یا نہیں لیکن جیل جیل ہوتی ہے، میں نے جب عمران خان سے پہلی بار ملاقات کی انہیں کہا تھا جیل ریفارمز کریں، جو آج جمہوریت کے چیمپئن بنے ہوئے ہیں وہ پہلے کہتے تھے اسمبلی سے استعفی دیں، پیپلزپارٹی نے اس وقت کہا استعفے نہیں دیں گے آئینی راستہ اختیار کریں گے، پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم بنائی پھر ہمیں پی ڈی ایم چھوڑنی پڑ گئی.

ان کا کہنا تھا کہ ابھی پیپلزپارٹی کے لیے ہوا سازگار بننے نہیں دی جارہی ، حکومت کی طرف سے پیپلزپارٹی کو اسپیس نہیں دیا جا رہا، پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا کہ ہمیں پنجاب میں اسپیس دیا جائے. انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی کے بغیرکسی نے نظام چلانے کی کوشش کی تو وہ کامیاب نہیں ہوا، 2013میں نواز شریف کے خلاف دھرنے لگے تو پیپلز پارٹی ساتھ کھڑی ہوئی، پیپلزپارٹی نظام کے ساتھ کھڑی رہی تو نظام سے فائدہ اٹھانے والے بچے رہیں گے ندیم افضل کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے دنیا میں پاکستان کے بیانیے کی جنگ لڑی ، پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ یہ نظام اور جمہوریت چلتی رہے. 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات