بال ٹیمپرنگ کرکٹ کے ابتدا سے موجود ہے، پاکستان اور ایشیائی ٹیموں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جاتا ہے، قمر احمد

منگل 15 جولائی 2025 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) معروف اسپورٹس جرنلسٹ اور بین الاقوامی کرکٹ کمنٹیٹر قمر احمد نے کہا ہے کہ "بال ٹیمپرنگ" کا سلسلہ کرکٹ کی ابتدائی تاریخ سے موجود ہے، مغربی ٹیمیں اور کرکٹ بورڈز اکثر پاکستانی اور دیگر ایشیائی کھلاڑیوں کو نشانہ بناتے رہے ہیں، میچ فکسنگ ایک عالمی مسئلہ ہے اور اسے کسی ایک خطے تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے یہ بات منگل کو لیاقت نیشنل ہسپتال کی جانب سے ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ اس تقریب کی میزبانی ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان فریدی نے کی، جس میں سابق ٹیسٹ کرکٹرز صادق محمد، توصیف احمد سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔قمر احمد نے کہا کہ ویسٹ انڈیز اور دیگر مغربی ممالک کے امپائرز ماضی میں متعصبانہ فیصلے کرتے رہے ہیں، مگر پاکستانی اور ایشیائی امپائرز کو زیادہ سخت تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اپنی خود نوشت "For More Than Game" سے متعلق سوالات کے جواب میں انہوں نے اپنی 55 سالہ صحافتی زندگی کے تجربات بیان کئے، جن میں بی بی سی سمیت عالمی میڈیا اداروں کے لیے فری لانس صحافت کا ذکر شامل تھا۔انہوں نے کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں کا ذکر کرتے ہوئے وسیم اکرم اور وقار یونس کو دنیا کے خطرناک ترین فاسٹ بائولرز قرار دیا جبکہ محمد زاہد کو پاکستان کا ایک نہایت تیز رفتار بائولرقرار دیا۔

بیٹنگ کے شعبے میں حنیف محمد، ظہیر عباس اور جاوید میانداد کو دنیائے کرکٹ کے بہترین بلے بازوں میں شمار کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ سابق برطانوی وزیرِاعظم جان میجر کے ساتھ بھی کرکٹ کھیلے ہیں جبکہ صحافتی کیریئر کے دوران دنیا کے کئی سرکردہ رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی ہوئیں۔قمر احمد نے ایک یادگار واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ 1950 کی دہائی میں ان کے والد جو ایک ڈینٹل سرجن تھے، نے راولپنڈی سازش کیس میں قید شخصیات جن میں نامور شاعر فیض احمد فیض بھی شامل تھے، کا علاج حیدرآباد سینٹرل جیل میں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر حسین شہید سہروردی ان کے والد سے ملاقات کے لیے آئے تھے تاکہ قیدیوں کی خیریت معلوم کر سکیں۔ سہروردی بعد ازاں پاکستان کے وزیر اعظم بنے نے برطانوی شاہی خاندان اور پاک و ہند کے مشہور فلمی ستاروں راج کپور، دلیپ کمار، امیتابھ بچن، ششی کپور، محمد علی اور اعجاز سے ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا۔قمر احمد نے ظہیر عباس کو نہایت دلکش اور مکمل بلے باز قرار دیا اور ان کی 108 فرسٹ کلاس سنچریوں کے ناقابلِ شکست ریکارڈ کو سراہا۔

انہوں نے مجید خان کو ایک پر وقار اور شاندار کرکٹر قرار دیا۔ایک دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نیوزی لینڈ میں ایک موقع پر ایک بھارتی شخص کی درخواست پر انہوں نے بھارتی کپتان محمد اظہرالدین کے لیے دو مرغیاں ذبح کیں، جو کہ وہاں کے قانون کے مطابق ممنوع تھا۔ بعد ازاں مقامی پولیس نے اس حوالے سے ان سے رابطہ بھی کیا۔