رکن قومی اسمبلی شازیہ مری کا سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے تعمیر کردہ مکانات کی ملکیتی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

منگل 15 جولائی 2025 20:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) رکن قومی اسمبلی اور مرکزی سیکریٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریے، خدمت، اور عوامی بھلائی کی علامت ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کھپرو میں 2022 کے سیلاب کے دوران عوام سے جو وعدہ کیا تھا، وہ آج عملی طور پر پورا ہو رہا ہے۔

منگل کو تعلقہ کھپرو میں 2022 کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے تعمیر کردہ مکانات کی ملکیتی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مشکل وقت میں کھپرو آ کر عوام کی حالت خود دیکھی اور وعدہ کیا کہ ان کے لیے گھر بنائیں گے جو آج حقیقت بن چکا ہے، حکومت سندھ نے پورے صوبے میں 21 لاکھ گھر تعمیر کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، جس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو خواتین کو بااختیار دیکھنا چاہتی تھیں اور آج بلاول بھٹو انہی کے ویژن کے تحت لاکھوں مکانات خواتین کے نام الاٹ کر رہے ہیں تاکہ وہ باعزت اور محفوظ زندگی گزار سکیں۔ شازیہ مری نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف مؤقف اختیار کیا ہے اور کسی صورت دہشت گردوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سانگھڑ، ایس ایس پی سانگھڑ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، بلدیاتی نمائندے اور بڑی تعداد میں متاثرہ خاندان موجود تھے۔ شازیہ مری نے کہا کہ آج 372 سیلاب متاثرہ خواتین کو مالکانہ حقوق کے ساتھ گھر فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ باقی گھروں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔

ضلع سانگھڑ میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 5 ہزار گھر سیلاب متاثرین کو دیے جائیں گے جن میں سے 18 ہزار 971 گھر مکمل ہو چکے ہیں اور 34 ہزار 965 پر کام جاری ہے۔ بعد ازاں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں اور حفاظتی ٹیکے بروقت لگوائیں تاکہ آنے والی نسلوں کو موذی امراض سے محفوظ بنایا جا سکے۔