لاہور،علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے کارگو ایریا میں خوفناک آتشزدگی

ریسکیو آپریشن میں آگ پر قابو پا لیا گیاٍ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمرجنسی وہیکلز فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، آگ بجھانے کی کارروائی میں ریسکیو 1122 اور پاک فضائیہ کی گاڑیاں بھی شامل ہوئیں، ائیرپورٹ اتھارٹی

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 16 جولائی 2025 11:23

لاہور،علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے کارگو ایریا میں خوفناک آتشزدگی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16جولائی 2025)لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے کارگو ایریا میں خوفناک آتشزدگی،ریسکیو آپریشن میں آگ پر قابو پا لیا گیا،آگ لگنے کے واقعہ کی اطلاع فوری طور پر ریسکیو کو دی گئی،اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمرجنسی وہیکلز فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، ریسکیو اہلکاروں نے  آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔

ابتدائی طور پر ریسکیو کی 8 گاڑیاں موقع پر روانہ کی گئیں تاکہ آگ پر قابو پایا جا سکے اور کسی ممکنہ نقصان کو روکا جا سکے۔ریسکیو  1122 کے مطابق لاہور ائیرپورٹ کے کارگو ایریا میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد ریسکیو 1122 کو فوری طور پر اطلاع دی گئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ کارگو ایریا میں لگی جس کے باعث وہاں ہنگامی صورت حال پیدا ہو گئی۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کیلئے آپریشن کے وران صورتحال کی مسلسل نگرانی کی گئی۔دوسری جانب پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کااس حوالے سے کہنا ہے کہ آگ بجھانے کی کارروائی میں ریسکیو 1122 اور پاک فضائیہ کی گاڑیاں بھی شامل ہوئیں۔ بروقت کارروائی سے آگ بجھا دی گئی ہے جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ لگنے کا واقعہ آپرن ایریا سے ایک کلومیٹر دورپیش آیا۔

پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کااپنے بیان میں مزید یہ بھی کہناتھا کہ آگ لگنے کے واقعے کے دوران ایئرپورٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری رہا۔پی آئی اے اور مینزیز شیڈز کو احتیاط کورڈن کیا گیا ہے۔ ایئرپورٹ منیجر، سی او او اور دیگر افسران موقع پر موجود رہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل صوبائی دارالحکومت لاہور میں واقع حفیظ سینٹر میں آتشزدگی کا واقعہ ہوا تھا۔

آگ کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور فائربریگیڈ کی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا تھا۔ بعدازاں گلبرگ میں واقع حفیظ سینٹر میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا تھا۔ حفیظ سنٹر پلازہ میں داخلی دروازوں پر پولیس اہلکار تعینات کر دئیے گئے تھے۔ ریسکیو کے مطابق آپریشن میں 25 فائر گاڑیوں اور دو اسنارکلز کا استعال کیا گیا تاہم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہواتھا۔

ریسکیو 1122 حکام کے مطابق آگ تہہ خانے میں لگی اور تیزی سے دھواں پوری کثیر عمارت میں پھیل گیا تھا جس میں الیکٹرانکس کی سینکڑوں دکانیں اور دفاتر موجود تھے۔ اگرچہ اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم اس واقعے نے ایک بار پھر شہر بھر کی کمرشل عمارتوں میں فائر سیفٹی کے اقدامات کے حوالے سے سنگین خدشات کو جنم دیا تھا۔