آپریشن بنیان مر صوص میں شکست کے بعد اجیٹ ڈوول کی شرمندگی چھپانے کی ناکام کوشش

بدھ 16 جولائی 2025 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) بھارت کی قومی سلامتی کے مشیر اجیٹ ڈوول آپریشن بنیان مر صوص میں شکست کے بعدشرمندگی چھپانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اجیٹ ڈوول کا من گھڑت بیانیہ بنانے کی کوشش آپریشن سندور میں ناکامی کی علامت ہے اوروہ حقیقت کو مسخ کرکے بی جے پی کی ہندوتوا ذہنیت کے تحت جھوٹا بیانیہ گھڑرہے ہیں۔

اجیٹ ڈوول نے آپریشن سندور کے بارے میں آئی آئی ٹی مدراس کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ مجھے ایک بھی تصویر یا ثبوت دکھائیں جس سے ثابت ہو کہ کسی بھارتی عمارت کو نقصان پہنچا ہو۔ حقیقت یہ ہے کہ بھارت کی فوجی قیادت متعدد بار بھارتی طیاروں کے تباہ ہونے اور نقصانات کا اعتراف کر چکی ہے۔11مئی کو ڈائریکٹر جنرل ائر آپریشنز ائر مارشل اے کے بھارتی نے اعتراف کیا کہ جنگ میں نقصانات ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

31مئی کو بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے اعتراف کیا کہ جنگ کے اگلے دو دن تک ہماری پروازوں کی صلاحیت متاثر رہی۔ بھارتی بحریہ کے کیپٹن شیو کمار نے کہا کہ جنگ کے دوران بھارت کے طیارے ضائع ہوئے ہیں۔انڈین ڈپٹی آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل راہول سنگھ نے اعتراف کیا کہ پاکستانی افواج کو ہماری ائیر فورس کی نقل و حرکت کی مکمل معلومات تھیں۔

ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے کہا کہ ادھم پور، پٹھان کوٹ ، آدم پور اور بھج کے فضائی اڈوں پر فوجی سازوسامان اور اہلکار متاثر ہوئے ہیں۔اعلی بھارتی فوجی افسران کی جانب سے نقصانات کا اعتراف بھارت کی عسکری ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔ آپریشن بنیان مر صوص میں پاکستانی افواج نے بھارتی فوجی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنا کر دفاعی برتری ثابت کر دی۔

پاکستان نے ثابت کیا کہ وہ اپنے دفاع میں بھارت میں کسی بھی جگہ پر جوابی حملے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اجیٹ ڈوول نے کہاکہ بھارت 2047تک دنیا کی سب سے بڑی فوج بن سکتا ہے۔بھارتی مشیر کا دنیا کی سب سے بڑی فوج بننے کا دعوی خطے کو جنگ میں جھونکنے کی بی جے پی کی ذہنیت کا عکاس ہے۔ یہ بیان خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سوچ اور بھارت کے جنگی جنون کو بے نقاب کرتا ہے۔مودی حکومت اپنی بدانتظامی اور نااہلی پر پردہ ڈالنے کے لیے نفرت، تعصب، اسلاموفوبیا اور جنگی جنون کا سہارا لے رہی ہے۔بھارتی قیادت سیاسی مفادات کے حصول کے لیے نفرت انگیز بیانیہ اپنا کر خطے کے امن سے کھیل رہی ہے۔