پابندیوں کا خاتمہ، پی آئی اے ایک بار پھر برطانیہ کی فضائوں میں اڑان بھرنے کے لئے پر عزم، باضابطہ آغاز اسلام آباد مانچسٹر پروازوں سے ہوگا، ترجمان

بدھ 16 جولائی 2025 16:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) پاکستانی فضائی کمپنیوں پر برطانوی پابندیوں کے خاتمہ کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) ایک بار پھر سے برطانیہ کی فضائوں میں اڑان بھرنے کے لئے پر عزم ہے، برطانوی پابندیوں کا خاتمہ پی آئی اے کی فضائی حفاظت کی معیاری سند اور وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی کوششوں کا ثمر ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے پاکستانی فضائی کمپنیوں پر برطانوی پابندیوں کے خاتمہ کے موقع پر جاری اعلامیہ میں کہا کہ برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی کی طرف سے پابندی کا خاتمہ ہوا بازی کے بین الاقوامی حفاظتی معیارات پر سختی سے کاربند رہنے سے ممکن ہوا ہے۔ پی آئی اے کم سے کم وقت میں برطانیہ کے لئے پروازیں چلانے کی تیاری مکمل کر رہی ہے اور اس ضمن میں شیڈول فائل کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ برطانوی آپریشن کا باضابطہ آغاز اسلام آباد سے مانچسٹر کی پروازوں سے ہوگا، شیڈول کی منظوری ملتے ہی ابتدائی طور پر ہفتہ وار تین پروازیں چلائی جائیں گی۔ ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزارت دفاع کے حکام، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ ، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور متعلقہ اداروں کی خصوصی طور پر شکر گزار ہے جن کی ذاتی کاوشوں سے پابندی کا خاتمہ ممکن ہوا۔\932