شہبازشریف کا برطانیہ میں پاکستانی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے کا خیر مقدم

بدھ 16 جولائی 2025 17:00

شہبازشریف کا برطانیہ میں پاکستانی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانیہ میں پاکستانی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے کی پروازوں کا دوبارہ آغاز اہم سنگ میل اوربرطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کیلئے باعث اطمینان ہے۔بدھ کو وزیراعظم افس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے راہنمائوں کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے ماضی میں پاکستانی پروازوں پر پابندیاں لگیں اور ملکی ساکھ کو نقصان پہنچا، برطانیہ کی جانب سے پاکستانی پروازوں پر عائد پابندیوں کا ختم ہونا برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کیلئے باعث اطمینان ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پی آئی اے کی پروازوں کا دوبارہ آغاز ملک کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے پاکستانی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے کیلئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزارت دفاع اور ایوی ایشن ڈویڑن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس مثبت پیشرفت سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ میں اضافہ ہو گا اور برطانیہ کے ساتھ پاکستان کے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی ائیرلائنز کو ہوائی سفر کے ضمن میں عالمی کمپنیوں کے ساتھ مسابقت میں لانے کے اقدامات تیزی سے جاری ہیں، حکومت پاکستان قومی ایوی ایشن کے شعبے میں شفافیت، معیار اور بین الاقوامی معیار کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔