Live Updates

علیمہ خان کی درخواست ضمانت پر پولیس سے تمام مقدمات کا ریکارڈ طلب

بدھ 16 جولائی 2025 21:54

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2025ء) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کے 26 نومبر کے پر تشدد احتجاج کے مقدمات میں نامزد سابق چیئرمین کی ہمشیرہ علیمہ خان کی درخواست ضمانت پر پولیس سے تمام مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے گزشتہ روز علیمہ خان، تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ، سابق صوبائی وزیر بشارت راجہ اور میجر (ر) طاہر صادق کی بیٹی ایمان وسیم کے خلاف مقدمات کی سماعت کے موقع پر 4 مقدمات میں نامزد عالیہ حمزہ عدالت میں پیش نہ ہوئیں ان کے وکلا نے ایک دن کے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی جبکہ علیمہ خان کے وکیل نے ان کے خلاف تمام مقدمات کی تفصیلات طلب کرنے کی استدعا کی جس پر عدالت نے آر پی او راولپنڈی کو ہدایت کی ہے کہ علیمہ خان کے خلاف تمام مقدمات کی تفصیلات 30 جولائی کو عدالت میں پیش کی جائیں جبکہ راجہ بشارت بھی طبیعت ناساز ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوئے اس موقع پر وکلا کی استدعا پر عدالت نے سماعت 21 جولائی تک ملتوی کردی دریں اثنا عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خانم نے کہا کہ ہم پر امید ہیں جلد ہماری جان چھوٹے گی‘ ہمارا فوکس بے گناہ قیدیوں کی رہائی ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر بانی پی ٹی آئی کیا کر سکتے ہیں وہ تو خود جیل میں ہیں پاکستانی قوم محنتی قوم ہے لیکن پاکستان امیر نہیں ہو رہا ہے اگر عوام کیساتھ ظلم ہو رہا ہے تو وہ خود اٹھیں مذاکرات پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ قوم کے مسائل پر بات کرنے کے لئے تیار ہوں ذات کے لئے ڈیل نہیں کروں گا انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت انتہائی مشکل قید میں ہیں بشریٰ بی بی پر سختی بانی پی ٹی آئی کو توڑنے کے لئے کی جا رہی ہے بانی پی ٹی آئی کی زندگی خطرے میں ہے بانی پی ٹی آئی کے لئے سپریم کورٹ میں جائیں گے بانی پی ٹی آئی کے بارے میں دنیا گواہ ہے کہ وہ جھوٹ نہیں بولتے سپرنٹنڈنٹ جیل کو چن کر لگایا گیا ہے اور سپرنٹنڈنٹ جیل جھوٹا ہے اس وقت جیل مریم نواز کے کنٹرول میں ہے۔

Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات