مسلم لیگ (ن) سینیٹ کی اقلیتی نشست سے جمعیت علماء اسلام (ف) کے حق میں دستبردار ہوگئی

مسلم لیگ (ن) اپوزیشن کی بڑی پارٹی ہوتے ہوئے بلا مقابلہ انتخابات کیلئے قربانی دے رہی ہے، امیر مقام

جمعرات 17 جولائی 2025 19:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ن) سینیٹ کی اقلیتی نشست سے جمعیت علماء اسلام (ف) کے حق میں دستبردار ہوگئی۔جمعرات کو پشاور میں صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علماء اسلام کے درمیان اقلیتی نشست پر قرعہ اندازی کی جگہ افہام و تفہیم سے فیصلہ ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان اور دونوں پارٹیوں کے درمیان مشاورت سے کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) قرعہ اندازی سے دستبردار ہوگئی اور نشست جمعیت علماء اسلام کو مل گئی۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اپوزیشن کی بڑی پارٹی ہوتے ہوئے بلا مقابلہ انتخابات کیلئے قربانی دے رہی ہے تاکہ خیبر پختونخوا پر خرید و فروخت کا الزام ختم ہوجائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومتی پارٹی سے فارمولے پر بات ضرور ہوئی ہے لیکن ابھی تک اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیند اب حکومتی پارٹی کے کورٹ میں ہے۔