&فارم 47کی حکومت روزگار دینے کی بجائے بیروزگاری بڑھانے میں مصروف ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی

جمعرات 17 جولائی 2025 20:25

1کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2025ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ فارم 47کی حکومت روزگار دینے کی بجائے بیروزگاری بڑھانے میں مصروف ہے، آئے روز مختلف اداروں سے ملازمین کی برطرفی کے اقدامات سے غریب عوام کے گھروں میں فاقے پڑھ جائینگے۔ میٹروپولیٹن کاروپوریشن ، یوٹیلیٹی سٹورز سمیت مختلف اداروں سے ملازمین کو برخاست کیا گیاہے یہ ملازم دشمنی پر مبنی اقدامات ہیں ۔

کوئٹہ شہر میں بلدیاتی اداروں کے قیام نہ ہونے کے باعث تمام نظام مفلوج ہوچکا ہے ، کرپشن ، کمیشن ، اقرباء پروری اور اربوں روپے کی خرد بُرد کے لیے کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے جارہے ہیں ، نچلی سطح پر عوامی مسائل کا حل صرف بلدیاتی اداروں سے ممکن ہے ۔

(جاری ہے)

صوبے بالخصوص پشتون عوام کی تجارت کو ختم کردیا گیا ہے ، تمام تجارتی راستوں وکاروبار پر نام نہاد پابندیاں ، کاروباری مراکز، مارکیٹوں میں مختلف اداروں کے اہلکاروں کے چھاپوں ،سامان ضبط کرنے کے سلسلوں نے ایک عام مزدور سے لیکر بڑے تاجر تک سب کوشدید مشکلات سے دوچار کررکھا ہے۔

بیروزگاری میں اضافے کے باعث نہ صرف بدامنی میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ لوگ اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں اور حال ہی میں ایسے کئی واقعات رونماء ہوچکے جن میں والدین اپنے بچوں کے ہمراہ خودکشیاں کررہے ہیں اور اس کی ذمہ دار موجودہ فارم 47کی حکومت ہے۔ کوئٹہ میں بجلی ، گیس کی لوڈشیڈنگ، پینے کے صاف پانی کی قلت ، ٹریفک کے ناقص نظام اور اہلکاروں کی ہر شاہراہ پر رشوت خوری سے نظام کی تباہی اشکارہ ہے ۔

آئی جی پولیس اور ایس پی ٹریفک اس کا سختی سے نوٹس لیں۔ ان خیالات کا اظہار پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری منان خان بڑیچ،ضلع معاونین جبار ہمدرد، ڈاکٹر حبیب اللہ کاکڑ، فضل ترین، عطاء اللہ امیری ، صادق عسکر ، تحصیل سیکرٹری منان نصرت، سینئر معاون سیکرٹری شکورافغان نے تحصیل سٹی سے مربوط خان شہید علاقائی یونٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس میں پارٹی کے ضلع ایگزیکٹیوز ، ضلع کمیٹی اور تحصیل کمیٹی کے دیگر اراکین نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر علاقائی سیکرٹری زین اللہ ، سینئر معاون سیکرٹری عصمت پامیر ، ودیگراراکین علاقائی معاونین منتخب ہوئے۔ نومنتخب ایگزیکٹیوز سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے حلف لیا ۔ مقررین نے کہا کہ کوئٹہ شہر مسائلستان کا منظر پیش کررہا ہے اور غیر منتخب عوامی نمائندے فارم 47کے ذریعے نیلامی کے اسمبلی میں رسائی حاصل کرنے کے بعد عوام کے مسائل سے بے خبر ہیں، انہیں عوامی مسائل کا ادراک ہی نہیں اور اسے حل کرنے سے کوئی سروکار ہے ۔

ایسے نمائندے اسمبلی پہنچے کے انہیں اپنے حلقوں کا ہی نہیں پتہ کہ حلقے کی آبادی ، مسائل ، ضروریات سے بے علم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فارم47کی حکومت کا قیام دراصل عوام کے حقوق کو غصب کرنا تھا اور اس کے لیے آئے روز غیر آئینی ، غیر قانونی ، غیر جمہوری طور پر جاری آئین میں ترامیم، قوانین پاس کرنے جیسے اقدامات اس کا واضح ثبوت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مائنز ومنرلز بل کے تحت اس جعلی اسمبلی سے لاکھوں ایکڑ عوام کی زمینوں کی ناروا الاٹمنٹس جاری ہے جس کا مقصد ہمارے عوام کو اپنے ہی وسائل، معدنیات ، زمینوں سے محروم رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے اتحاد واتفاق اور پشتونخواملی عوامی پارٹی کے محبوب چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں جاری قومی سیاسی جمہوری جدوجہد کے ذریعے ہم اپنے وطن ،عوام کے وسائل کی تحفظ کرسکتے ہیں اور اپنے جمہوری حقوق اور قومی اہداف کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ کارکن پارٹی پروگرام کو ہر گھر تک پہنچاکر انہیں اپنے وطن ، جغرافیہ ، وسائل سے باخبر کرے اور یہ تب ممکن ہے جب عوام پارٹی صفوں میں شامل ہوکر جاری پشتون قومی تحریک کا حصہ بنے گے۔

انہوں نے نئی کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ منتخب ایگزیکٹیوز پارٹی کے ابتدائی یونٹس کو فعال بنانے، مزید یونٹوں کے قیام ، عوام کو پارٹی میں شامل کرنے ، ان کے مسائل حل کرنے اور جاری جدوجہد میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگی