میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع ملیر کے مختلف علاقوں میں 140 کلو واٹ کے سولر واٹر پمپنگ اسٹیشنز کا افتتاح کردیا

بجلی کی عدم دستیابی اور لوڈشیڈنگ کے باعث دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی میں رکاوٹ تھی جسے سولر پمپنگ اسٹیشنز کے ذریعے دور کر دیا گیا ہے،مرتضیٰ وہاب

جمعرات 17 جولائی 2025 21:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ ملیر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دنبہ گوٹھ اور ہاشم گبول گوٹھ میں جدید سولر پمپنگ اسٹیشنز اور واٹر سپلائی اسکیمز کا افتتاح کردیا، ان منصوبوں کے ذریعے چالیس سے زائد گوٹھوں اور پچاس ہزار سے زائد افراد کو پینے کے صاف پانی کی سہولت فراہم کی جائے گی جس سے علاقہ مکینوں کی کئی دہائیوں پر محیط مشکلات کا خاتمہ ممکن ہوگا،افتتاح کے موقع پر میئر کراچی کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حکومت سندھ محکمہ توانائی کے تعاون سے 80 کلو واٹ کا سولر سسٹم دنبہ گوٹھ واٹر پمپنگ اسکیم اور 60 کلو واٹ کا سسٹم ہاشم گبول گوٹھ واٹر پمپنگ اسکیم پر نصب کیا گیا ہے، اس منصوبے کی مجموعی لاگت 4 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے،اس منصوبے سے سالانہ 11 لاکھ یونٹ بجلی پیدا کی جائے گی اور سالانہ 1 کروڑ 20 لاکھ روپے کی بچت ممکن بنائے گی اور سالانہ 212 ٹن کاربن کی پیداوار میں کمی آئے گی جو کہ ایک ماحول دوست عمل ہوگا، ان علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث پانی کی فراہمی شدید متاثر تھی، اس منصوبے کا مقصد دیہی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متاثر پانی کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے،اس منصوبے کی تکمیل کے بعد تقریباً 24 دیہات، جن میں ہاشم گبول گوٹھ، گڈاپ شامل ہیں، جن کی مجموعی آبادی 12 ہزار نفوس ہے اور دنبہ گوٹھ کا پمپنگ اسٹیشن 7 دیہات جن کی آبادی 14 ہزار ہے کو صاف پانی کی فراہمی ممکن ہوگی،یہ سولر منصوبہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا ،سولر سسٹم سالانہ 11 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کرے گا، جس سے اندازاً 4 کروڑ 97 لاکھ روپے کی بچت ہوگی ،اس موقع پر ایم پی اے راجہ رزاق ، ایم پی اے یوسف بلوچ ، یوسی چیئرمین نبی بخش پلاری ، منتخب نمائندے اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم صرف مسائل پر بات نہیں کر رہے ہم اُن کا حل دے رہے ہیں جہاں بجلی موجود نہیں وہاں سولر توانائی کے ذریعے پائیدار فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے،بجلی کی عدم دستیابی اور لوڈشیڈنگ کے باعث دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی میں رکاوٹ تھی جسے سولر پمپنگ اسٹیشنز کے ذریعے دور کر دیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلاتفریق عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے،شہر کی تمام 246 یونین کونسلز کے لیے ترقیاتی فنڈز مختص کیے جا چکے ہیں،ہر یوسی میں ترقیاتی کام جاری ہے، جو خود عوام دیکھ رہے ہیں،حب کینال منصوبے کا افتتاح 14 اگست کو متوقع ہے، پانی کی ٹریٹمنٹ اسکیمز پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے تاکہ صاف پانی ہر علاقے تک پہنچے،ہر ایم این اے، ایم پی اے، یوسی چیئرمین اور بلدیاتی نمائندہ عوام سے قریبی رابطے میں ہے،میئر کراچی نے کہا کہ بجلی کی بڑھتی قیمتوں نے عام شہری کی زندگی مشکل بنا دی ہے جس کا حل صرف سولر توانائی ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت دیہی علاقوں میں گھریلو ضروریات کے لیے سولر پلیٹس کی فراہمی پر کام کر رہی ہے تاکہ عام شہری روشنی اور پنکھے جیسی بنیادی سہولیات حاصل کر سکے،انہوں نے کہا کہ وسائل عوام کی امانت ہیں، انہیں عوام پر ہی خرچ کیا جانا چاہیے، یہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے کہ اختیارات کی کمی کا شکوہ کرنے کے بجائے حل تلاش کیا جائے، حکومت سندھ اور بلدیاتی قیادت عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے اور کراچی کے ہر علاقے میں ترقیاتی منصوبے بلاامتیاز جاری ہیں، سولر پمپنگ اسٹیشنز جیسی اسکیمیں نہ صرف پائیدار ترقی کی علامت ہیں بلکہ مستقبل میں توانائی بحران سے نمٹنے کی طرف ایک عملی قدم بھی ہیں۔