بھارت بدترین مظالم کے باوجود پاکستان کےساتھ کشمیریوں کی محبت ختم نہیں کرسکا، رپورٹ

ہفتہ 19 جولائی 2025 14:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر میں تقریباً 78 برس کے دوران ساڑے چار لاکھ کے لگ بھگ کشمیریوں نے ”بھارتی تسلط سے آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق“ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، بھارت بدترین مظالم کے باوجود پاکستان کےساتھ کشمیریوں کی محبت اور والہانہ لگائو کو ختم نہیں کر سکا ۔

کشمیر میڈیاسروس کی طرف سے آج ”یوم الحاق پاکستان “ کے موقع پر جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے کے دوران ساڑے 4لاکھ کے قریب کشمیریوں نے آزادی اور پاکستان سے الحاق کی جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ بھارتی فوجیوں نے صرف جنوری 1989 سے اب تک 96ہزار 4سو 54 کشمیریوں کو شہید کیا ہے جن میں سے 7ہزار 3سو 29 کو دوران حراست شہید کیا گیا،8ہزار سے زائد کشمیر یوں کو جبری طور پر گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا، 11ہزار 2سو67 سے زائد کشمیری خواتین کی بے حرمتی کی گئی جبکہ 1 لاکھ 10ہزار 5سوع59سے زیادہ گھر اور تجارتی املاک تباہ کی گئیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، نعیم احمد خان، ڈاکٹر حمید فیاض، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، ایاز محمد اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام اور فاروق احمد ڈار سمیت پانچ ہزار سے زائد کشمیری اس وقت بھارتی جیلوں اور عقوبت خانوں میں بند ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی ہندو توا بھارتی حکومت نے 5اگست 2019کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد نہتے کشمیریوں پر مظالم میں تیزی لائی اور کشمیری مسلمانوں کے تمام سیاسی، معاشی ، معاشرتی حتی ٰ کہ دینی حقوق بھی سلب کر لیے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی کے تمام تر جابرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی کے مطالبے سے دستبردار ہونے کےلئے ہرگز تیار نہیں ،کشمیریوں کی پاکستان کے عقیدت و محبت انمٹ و لازوال ہے ، وہ پاکستان کو اپنا بڑا وکیل و حامی سمجھتے ہیں اور حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں اپنی بھر پور سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر اس کے انتہائی مشکور ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کشمیری ہر برس” یوم الحاق“ پاکستان اس عزم کی تجدید کےساتھ مناتے ہیں کہ وہ بھارتی تسلط سے آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کے خواب کی تکمیل تک ہرگز چین سے نہیں بیٹھیں گے۔\932