دلخراش قتل ایک انسانیت سوز جرم ہی نہیں، خواتین کے بنیادی آئینی اور اسلامی حقوق پر کھلا حملہ ہے، ذوالفقار علی بدر

اتوار 20 جولائی 2025 20:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ذوالفقار علی بدر نے بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے بہیمانہ قتل پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ دلخراش قتل ایک انسانیت سوز جرم ہی نہیں، بلکہ خواتین کے بنیادی آئینی اور اسلامی حقوق پر کھلا حملہ ہے۔ ذوالفقار علی بدر نے کہاکہ ایسے درندہ صفت قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں، انہیں قانون کے کٹہرے میں لا کر نشانِ عبرت بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حکومت بلوچستان کیلئے یہ واقعہ ایک فیصلہ کن امتحان ہے، انصاف میں تاخیر ظلم کو جواز بخشتی ہے۔ذوالفقار علی بدرنے کہاکہ اسلام اور آئین پاکستان، دونوں خواتین کو پسند کی شادی کا حق دیتے ہیں، کوئی روایت یا رسم اس حق سے انکار نہیں کر سکتی۔انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی خواتین کے خلاف ہر قسم کے تشدد اور صنفی امتیاز کے خلاف مسلسل آواز بلند کرتی رہی ہے۔ذوالفقار علی بدر نے کہاکہ شہید بینظیر بھٹو کا وژن آج بھی ہمارا رہنما اصول ہے، ہم ہر اس ظلم کے خلاف کھڑے ہوں گے جو عورت کے وقار، آزادی یا حقِ انتخاب کو پامال کرے۔