خیبرپختونخواہ میں سینیٹ انتخابات،اسمبلی کے باہر فیڈرل کانسٹیبلری کو تعینات کرنے کے احکامات

ایف سی دوران انتخابات کوئیک ریسپانس فورس کے طور پر سیکیورٹی کے فرائض انجام دیگی،سینیٹ انتخابات کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل، الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کردیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 21 جولائی 2025 10:21

خیبرپختونخواہ میں سینیٹ انتخابات،اسمبلی کے باہر فیڈرل کانسٹیبلری ..
پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جولائی 2025)وفاقی حکومت نے خیبرپختونخواہ میں سینیٹ انتخابات کے موقع پراسمبلی کے باہر فیڈرل کانسٹیبلری کو تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دئیے، ایف سی دوران انتخابات کوئیک ریسپانس فورس کے طور پر سیکیورٹی کے فرائض انجام دیگی، وفاقی وزارت داخلہ نے اس حوالے سے باقاعدہ احکامات جاری کر دئیے، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فول پروف سیکیورٹی کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا۔

سینیٹ انتخابات کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔دوسری جانب خیبرپختونخوا ہ میں سینیٹ کی گیارہ خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات آج ہوں گے جس کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے۔ مذکورہ ضابطہ اخلاق کے مطابق پولنگ اسٹیشنز میں موبائل فون یا کسی بھی قسم کی الیکٹرانک ڈیوائس کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی جبکہ بیلٹ پیپر کی تصویر لینا بھی سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولنگ خیبرپختونخواہ اسمبلی کے جرگہ ہال میں ہوگی جہاں کل 145 اراکین اسمبلی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔خیبرپختونخواہ اسمبلی میں حکومتی ارکان کی تعداد 92 اور اپوزیشن کی 53 ہے، سینیٹ کی 11 نشستوں میں 6 سیٹیں حکومت جبکہ 5 اپوزیشن کو ملیں گی۔سینیٹ کی جن نشستوں پر انتخاب ہونا ہے ان میں سات جنرل، دو ٹیکنوکریٹ اور دو خواتین کی مخصوص نشستیں شامل ہیں۔

سینیٹ کی 7 جنرل، 2 خواتین اور 2 ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر 22 امیدوار میدان میں ہیں۔ 7 جنرل نشستوں پر 14 امیدوار قسمت آزمائی کریں گے۔ مراد سعید پی ٹی آئی کی جانب سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔نورالحق قادری اور فیصل جاوید آزاد حیثیت سے جنرل نشستوں پر پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔اس کے علاوہ مرزا محمد آفریدی آزاد حیثیت سے جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔

محمد طلحہ محمود جنرل نشست پر پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں جبکہ نیاز احمد جنرل نشست پر مسلم لیگ ن کے امیدوار ہیں۔خیبر پختونخواہ میں خواتین کی 2 مخصوص نشستوں پر 3 خواتین امیدوار میدان میں ہیں۔ پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد اور پی ٹی آئی کی روبینہ ناز بھی خواتین کی مخصوص نشستوں پر امیدوار ہیں جبکہ ماہ وش علی خان آزاد حیثیت سے خواتین کی مخصوص نشستوں پر امیدوار ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن نے امیر مقام کے بیٹے نیاز محمد کو جنرل نشست کا ٹکٹ دیا ہے۔جنرل نشستوں پرآصف رفیق،اظہرقاضی مشوانی، دلاور خا،شفقت ایازامیدوار ہیں،فیض الرحمان اور محمد اعظم سواتی آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لیں گے۔