عالمی ڈونر نے پاکستان کو سیکڑوں موٹرسائیکلیں عطیہ کر دیں

موٹربائیکس توسیع پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے زیر استعمال ہوں گی

بدھ 23 جولائی 2025 20:38

عالمی ڈونر نے پاکستان کو سیکڑوں موٹرسائیکلیں عطیہ کر دیں
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)عالمی ڈونر گلوبل الائنس فار ویکسینز فار ایمونائزیشن (گاوی)نے پاکستان کو سیکڑوں موٹرسائیکلیں عطیہ کر دیں۔گاوی نے 800 موٹرسائیکلیں عطیہ کیں جنہیں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے پاکستان کے حوالے کیا۔ موٹربائیکس توسیع پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے زیر استعمال ہوں گی جبکہ انہیں 65 اضلاع میں تقسیم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈبلیو ایچ او نے بتایا کہ سندھ کے 21 اضلاع میں 300 موٹرسائیکلیں تقسیم کی جائیں گی جبکہ پنجاب کے 10 اضلاع کو 200 موٹربائیکس دی جائیں گی۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق بلوچستان کے 24 اضلاع میں 108، آزاد جموں و کشمیر کے 4 اضلاع میں 80، اسلام آباد میں ویکسینیٹرز کو 80 اور گلگت بلتستان کے 4 اضلاع میں 60 موٹرسائیکلیں تقسیم کی جائیں گی۔ڈبلیو ایچ او نے بتایا کہ موٹربائیکس سے حساس علاقوں تک ویکسینیٹرز کی رسائی ممکن ہوگی، دوردراز علاقوں تک ویکسینیٹرز کی رسائی سے ویکسی نیشن شرح بہتر ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ موٹرسائیکلوں سے 65 اضلاع کی 32 ملین آبادی تک رسائی ممکن ہوگی، ڈبلیو ایچ او صحت کے شعبہ میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔