قومی کرکٹ ٹیم کی بدترین کارکردگی میں بھی وزیراعظم شہباز شریف نے مثبت پہلو تلاش کر لیا

پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز جیتنے پر شہباز شریف کی بنگلہ دیش کو مبارکباد، قومی کرکٹ ٹیم کی جذبے کی بھی تعریف بھی کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 24 جولائی 2025 11:09

قومی کرکٹ ٹیم کی بدترین کارکردگی میں بھی وزیراعظم شہباز شریف نے مثبت ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 جولائی 2025ء ) قومی کرکٹ ٹیم کی بدترین کارکردگی میں بھی وزیراعظم شہباز شریف نے مثبت پہلو تلاش کر لیا، پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز جیتنے پر وزیراعظم شہباز شریف کی بنگلہ دیش کو مبارکباد، قومی کرکٹ ٹیم کی جذبے کی بھی تعریف بھی کی ۔
انہوں نے ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’ پاکستان کے ساتھ 2025 کی T20I سیریز جیتنے پر بنگلہ دیش کو مبارکباد، میں اپنی کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کی بھی تعریف کرتا ہوں۔

 
انہوں نے مزید کہا کہ جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہیں، اور یہی کھیل کی اصل روح ہے۔ 
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’دعا ہے کہ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے یہ تعلقات ہمارے لوگوں کو متحد کرتے رہیں اور ہماری دوستی کے بندھن کو مضبوط کرتے رہیں‘۔

(جاری ہے)

 

 
واضح رہے کہ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے کرکٹ بورڈ میں آمد کے بعد سے پاکستان کی کرکٹ نے زوال کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

محسن نقوی کے چئیرمین پی سی بی بننے کے بعد سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرمناک شکستوں اور شرمناک ریکارڈز بننے کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ 
سامنے آنے والے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 2024ء سے اب تک کھیلے گئے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا دنیا میں سب سے بدترین ریکارڈ رہا ہے۔ 
پاکستان نے گزشتہ ایک سال کے دوران 63 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جن میں سے اسے 38 میں شکست ہوئی۔

گزشتہ ایک سال کے دوران کسی دوسری ٹیم کو اتنے ٹی ٹونٹی میچز میں شکست نہیں ہوئی۔ 
محسن نقوی دور میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرمناک شکستوں کا ریکارڈ بن چکا ہے۔ محسن نقوی کے چئیرمین پی سی بی بننے کے بعد پاکستان ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں امریکا سے شکست کھا چکا، آئرلینڈ کے ہاتھوں بھی پاکستان کو شکست ہو چکی، پاکستان ہوم گراونڈ پر کمزور ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے میں بھی ناکام رہا جبکہ ورلڈکپ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کو آخری نمبر ملا۔ اس کے علاوہ صرف ایک سال میں پاکستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنے کے بعد ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی شکست ہو گئی۔