وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی بینک کے ریجنل نائب صدرکی ملاقات، بینک کی جانب سے سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کے مؤقف کی اصولی حمایت کی تعریف

جمعرات 24 جولائی 2025 16:52

وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی بینک کے ریجنل نائب صدرکی ملاقات، بینک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی بنک کی طرف سے سندھ طاس معاہدے پر بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف پاکستان کے جائز مؤقف کی اصولی حمایت کو سراہتے ہوئے بین الاقوامی قانون کی پاسداری اورعلاقائی امن کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا ہے اور تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

جمعرات کووزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عالمی بینک کے مشرق وسطیٰ ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان (میناپ ) کے ریجنل نائب صدر عثمان ڈیون نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ طویل شراکت داری پر عالمی بنک بالخصوص عالمی بینک کے صدر اجے بنگا اور پاکستان کے لئے عالمی بینک کے سابق کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن کا پاکستان کے لیے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے پاکستان کی ترقی کی ترجیحات بالخصوص توانائی، انسانی وسائل ، ماحولیاتی تبدیلی اور گورننس کے شعبوں میں اصلاحات کیلئے سی پی ایف کے سٹریٹجک کردار کو سراہا۔وزیراعظم نے سندھ طاس معاہدے جیسے اہم بین الاقوامی معاہدے کو نقصان پہنچانے کے بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی روشنی میں پاکستان کے جائز مؤقف کے لیے عالمی بینک کی اصولی حمایت کو سراہا۔

انہوں نے بین الاقوامی قانون کی پاسداری، خوشحالی کے حصول اور علاقائی امن کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اظہار کیا۔وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران عالمی بینک کی بروقت اور فراخدلانہ مدد پر شکریہ ادا کیا جس نے پاکستان کو فوری امدادی سرگرمیاں اور تعمیر نو اور بحالی کے اقدامات شروع کرنے میں مدد کی۔

عثمان ڈیون نے پاکستان کے دورے کے دوران پر تپاک مہمان نوازی پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی دیرینہ شراکت داری اور معیشت کے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے عالمی بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔ ڈیون نے پاکستان کی جاری میکرو اکنامک بحالی کو سراہتے ہوئے ملک کو مالیاتی استحکام اور پائیدار ترقی کی طرف لے جانے پر وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت کی تعریف کی۔

انہوں نے موجودہ انتظامیہ کے اصلاحاتی ایجنڈے کو بھی بالخصوص سراہا۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی مضبوط قیادت کو ادارہ جاتی اصلاحات آگے بڑھانے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کیلئے اہم قرار دیا۔ملاقات میں حکومت پاکستان اور عالمی بنک کی جانب سے طویل المدتی ترقیاتی اہداف کے حصول اور پاکستان کے عوام کے خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لئے آئندہ سالوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔