کوئی یہ نہ بتائے ہم نے عافیہ صدیقی کیلئے کوشش نہیں کی، وزیرخارجہ

امریکہ سے بات کی ہے فورس نہیں کرسکتے، ہم نے ان کی رہائی کے لیے سرتوڑ اقدامات کیے وہ پاکستان کی بیٹی ہے اور کوئی اس بارے میں غلط فہمی میں نہ رہے؛ نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 جولائی 2025 12:42

کوئی یہ نہ بتائے ہم نے عافیہ صدیقی کیلئے کوشش نہیں کی، وزیرخارجہ
نیو یارک ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جولائی 2025ء ) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کوئی یہ نہ بتائے ہم نے عافیہ صدیقی کیلئے کوشش نہیں کی، اس معاملے پر امریکہ سے بات کی ہے لیکن فورس نہیں کرسکتے۔ نیو یارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عافیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی ہے اور کوئی اس بارے میں غلط فہمی میں نہ رہے، ہم نے ان کی رہائی کے لیے سرتوڑ اقدامات کیے، کوئی یہ نہ بتائے کہ ہم نے عافیہ صدیقی کےلیے کوشش نہیں کی، 2016ء میں انٹونی بلنکن سے اس معاملے پر بات کی تھی، ہم نے اب بھی امریکہ سے بات کی ہے لیکن فورس نہیں کرسکتے۔

اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ حکومتی کوششوں کی بدولت معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، 3 سال کی مدت میں معاشی اشاریوں میں بہتری لائے، جی ڈی پی گروتھ میں نمایاں بہتری آئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ملک میں معاشی استحکام آچکا ہے، منہگائی کی شرح میں نمایاں حد تک کمی ہوچکی ہے، تمام عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی بہتری کے معترف ہیں، ہمارا ہدف پاکستان کو جی 20 میں شامل کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد ایک مشکل فیصلہ تھا جو ہم نے ملک کی خاطر کیا تھا، پی ٹی آئی حکومت مزید 6 ماہ رہتی تو ملک ڈیفالٹ کرچکا ہوتا، ہم نے ڈیفالٹ کے خطرے کو دفن کردیا، سفارتی سطح پر بھی اس وقت پاکستان بہت متحرک ہے، پہلے پاکستان سفارتی سطح پر تقریباً آئیسولیٹ ہو چکا تھا، کوئی بھی ہمارے پاس نہیں آتا تھا اور نہ ہی ہمیں کوئی بلاتا تھا لیکن آج ہم دنیا بھر میں متحرک ہیں، تقریباً 9 سال بعد پاکستان اور امریکہ کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ہوئی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلیے پُرعزم ہیں، دورہ افغانستان کے دوران تمام امور پر بات کی، افغانستان سے کہا کہ اپنی سرزمین پاکستان کےخلاف استعمال نہ ہونے دیں، ہم افغانستان کے خیر خواہ ہیں، ان کی ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں، پاکستان دنیا میں تنازعات کا پُرامن حل چاہتا ہے، پاکستان امن پسند ملک اور پُرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے، ہم ہر ایک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے احترام پر یقین رکھتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، پاکستان نے رافیل طیارے گرا کر بھارت کے غرورکو خاک میں ملایا، پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارت نے جو اقدامات کیے ہم نے بھی ویسے ہی جواب دیا، سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر ہم نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود بند کی، وزیراعظم شہبازشریف نے پہلگام واقعے پر بھارت کو عالمی تحقیقات کی پیشکش کی، ہم نے بھارتی پروپیگینڈےکو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، بھارت کی بوکھلاہٹ ابھی تک ختم نہیں ہوئی۔