تجارتی معاہدہ نہ کیا تو 25 فیصد ٹیکس دینا ہوگا، ٹرمپ نے بھارت پرٹیکس لگانے کی دھمکی دیدی

بھارت دوست ملک ضرور ہے لیکن اس نے عالمی سطح پر سب سے زیادہ درآمدی محصولات عائد کئے ہیں جو ناقابل قبول ہیں،امریکہ اور بھارت کے درمیان تاحال کوئی جامع تجارتی معاہدہ نہیں ہوا اس پرپیش رفت نہ ہوئی تو امریکی انتظامیہ بھارتی مصنوعات پر بھاری محصولات عائد کرنے میں دیر نہیں کرے گی، امریکی صدر کی صحافیوں سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 30 جولائی 2025 10:46

تجارتی معاہدہ نہ کیا تو 25 فیصد ٹیکس دینا ہوگا، ٹرمپ نے بھارت پرٹیکس ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جولائی 2025)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بھارت نے تجارتی معاہدہ نہ کیا تو 25 فیصد ٹیکس دینا ہوگا، ٹرمپ نے بھارت پر 25 فیصد ٹیکس لگانے کی دھمکی دے دی، اگر امریکہ اور بھارت کے درمیان تجارتی معاہدہ نہ ہوا تو وہ بھارت پر 20 سے 25 فیصد درآمدی ٹیرف عائد کر سکتے ہیں، سکاٹ لینڈ سے واپسی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک اچھا دوست رہا ہے لیکن اس نے بنیادی طور پر تقریباً تمام ممالک سے زیادہ ٹیرف وصول کئے۔

بھارت سے تجارتی معاہدہ ابھی طے نہیں پایا۔بھارت نے اگر تجارتی معاہدہ نہ کیا تو اسے 25 فیصد ٹیرف دینا پڑے گا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ بھارت ایک دوست ملک ضرور ہے لیکن اس نے عالمی سطح پر سب سے زیادہ درآمدی محصولات عائد کئے ہیں جو ناقابل قبول ہیں۔

(جاری ہے)

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ اور بھارت کے درمیان تاحال کوئی جامع تجارتی معاہدہ نہیں ہوا اور اگر اس پرپیش رفت نہ ہوئی تو امریکی انتظامیہ بھارتی مصنوعات پر بھاری محصولات عائد کرنے میں دیر نہیں کرے گی۔

انہوں نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوا چکے ہیں۔ یہ دعویٰ وہ ماضی میں بھی متعدد بار دہرا چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ روس نے امن کی نئی ڈیڈ لائن پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔ روس کی معیشت کیخلاف نئے محصولات 10 روز میں نافذ ہوں گے۔امریکی صدر نے سال کے اختتام سے پہلے چینی صدر سے ملاقات کا عندیہ دیتے ہوئے کہاکہ میری چینی صدر سے جلد ملاقات متوقع ہے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر نے اپریل میں بھارتی مصنوعات پر 26 فیصد ٹیرف کے نفاذ کا اعلان کیا تھا جس پر عملدرآمد جولائی تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا تھا۔صدر ٹرمپ ماضی میں بھارت میں ٹیسلا کا مجوزہ مینوفیکچرنگ پلانٹ بھی رکوا چکے تھے جسے امریکی صنعت پر منفی اثرات کا باعث قرار دیا گیا تھا۔ امریکی صدر نے آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل کو بھی متنبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کمپنی نے اپنی مصنوعات امریکہ میں تیار نہ کیں تو اسے بھی 25 فیصد ٹیرف دینا پڑے گا۔صدر ٹرمپ نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہاتھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ امریکا میں فروخت ہونے والا ہر آئی فون امریکی سرزمین پر تیار ہو۔ اگر وہ بھارت یا کسی اور ملک میں تیار ہوتا ہے تو ایپل کو بھاری قیمت ادا کرنا ہوگی۔