بھارت نے میری درخواست پر پاکستان کے ساتھ جنگ ختم کی، صدر ٹرمپ اپنے دعوے پر قائم

امریکی صدر کے سیز فائر کروانے کے دعوے پر مودی نے کہا تھا کسی عالمی رہنما نے جنگ روکنے کیلئے نہیں کہا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 30 جولائی 2025 11:09

بھارت نے میری درخواست پر پاکستان کے ساتھ جنگ ختم کی، صدر ٹرمپ اپنے دعوے ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی 2025ء ) امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ نے ایک بار پھر واضح طور پر کہا ہے کہ بھارت نے میری درخواست پر پاکستان سے جنگ ختم کی۔ امریکی صدر کے آفیشل طیارے ایئر فورس ون پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب صدر ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ ’کیا امریکہ بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے جا رہے ہیں؟، اس پر صدر ٹرمپ نے جواب دیا کہ ’ہاں میرے خیال میں ایسا ہونے والا ہے، انڈیا میرا دوست ہے، انہوں نے میری درخواست پر پاکستان کے ساتھ جنگ بھی ختم کی تھی لیکن تاحال بھارت کے ساتھ ٹیرف کے حوالے سے معاہدہ طے نہیں پایا ہے، بے شک انڈیا ایک اچھا دوست رہا ہے لیکن کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں بھارت نے کہیں زیادہ ٹیرف لگائے ہیں‘۔

خیال رہے کہ مئی میں پاکستان کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کھانے والے نریندر مودی نے منگل کے روز بھارتی لوک سبھا میں خطاب کیا جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاک بھارت کشیدگی کے دوران سیز فائر کروانے کے دعوے پر بھارتی وزیراعطم نے کہا کہ ’کسی عالمی رہنما نے بھارت کو جنگ روکنے کیلئے نہیں کہا، پاکستان پر حملے کی رات امریکی نائب صدر ایک گھنٹے تک مجھے تلاش کرتے رہے، جب میں نے فون کیا تو انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان بڑا حملہ کرنے والا ہے، میں نے جواب دیا کہ اگر یہ ان کا منصوبہ ہے تو اس کی قیمت چکانا پڑے گی، اگر پاکستان حملہ کرے گا تو ہم بڑا حملہ کر کے جواب دیں گے ہم گولی کا جواب گولے سے دیں گے‘۔

(جاری ہے)

مودی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کو پہلگام کے بعد پتہ چل گیا تھا کہ بھارت کوئی بڑی کارروائی کرے گا، ان کی طرف سے نیوکلیئر کی دھمکی دی گئی، بھارتی فوج نے چھ اور سات مئی کو جیسا طے کیا تھا ویسی کارروائی کی اور پاکستان کچھ نہیں کر پایا، بھارت نے نیو نارمل سیٹ کر دیا ہے کہ آئندہ حملہ ہوا تو اس کا جواب دیا جائے گا، ہم نے فوج کو کھلی چھوٹ دی کہ کب، کہاں اور کیسے کارروائی کرنی ہے وہ خود فیصلہ کرے۔