حکومت بلوچستان کے وفد کے ایران کے ڈپٹی گورنر سیستان بلوچستان مجیب حسنی سے مذاکرات، سرحدی مارکیٹس کی مؤثر فعالیت پر تبادلہ خیال

بدھ 30 جولائی 2025 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ظہور احمد بلیدی کی قیادت میں حکومت بلوچستان کے وفد نے پاک ایران باڈر پر ایران کے ڈپٹی گورنر سیستان بلوچستان مجیب حسنی سے سرحدی مارکیٹس کی مؤثر فعالیت کے حوالے سے مذاکرات کیے ،جس میں دونوں ہمسایہ ممالک کے متعلقہ حکام شریک تھے۔ وفد میں پارلیمانی سیکرٹری میر اصغر رند، وزیر کھیل و یوتھ افیرز مینا مجید اور پارلیمانی سیکرٹری فشریز برکت رند بھی شامل تھے۔

ظہور بلیدی نے کہا کہ پاک ایران باڈر پر قائم 6 بارڈر مارکیٹس کا افتتاح 21 اگست 2023 کو وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور ایرانی صدر مرحوم ابراہیم رئیسی نے کیا تھا، جو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سفارتی کوششوں کا نتیجہ تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ردیگ-پشین، گبد-رحمدان، اور چدگی-کوہک مارکیٹس فعال ہو رہی ہیں جبکہ جیرک اور جھالگی دوسرے مرحلے میں آپریشنل ہوں گی۔

صوبائی وزیر نے کہاہے کہ ان بارڈر مارکیٹس کا مقصد غیر رسمی تجارت کو رسمی بنا کر مقامی لوگوں کو معاشی مواقع فراہم کرنا ہے۔ ظہور بلیدی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے منشور اور صدر آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی کی قیادت میں حکومت بلوچستان رسمی طور پر بارڈر ٹریڈ کو صوبے کے تمام علاقوں کی معاشی بہتری کا ذریعہ بنائے گی۔