مادرِ ملت فاطمہ جناح نے برصغیر کی مسلمان خواتین میں سیاسی شعور بیدار کیا، مخدوم سید احمد محمود

جمعرات 31 جولائی 2025 12:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ مادر ملت فاطمہ جناح پاکستان کی تاریخ کی وہ عظیم ہستی ہیں جنہوں نے نہ صرف برصغیر کی مسلمان خواتین میں سیاسی شعور بیدار کیا بلکہ قیامِ پاکستان کی جدوجہد میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا بھرپور ساتھ بھی دیا۔

یہ بات انہوں نے مادرِ ملت فاطمہ جناح کی 132ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح ایک ایسی روشنی تھیں جس نے تحریکِ پاکستان میں خواتین کو بھی متحرک کیا۔انہوں نے کہا کہ مادرِ ملت فاطمہ جناح آمریت کے خلاف جمہوریت کی علمبردار بن کر ابھریں۔ ان کی جرات، تدبر اور عوامی مقبولیت آج بھی ہمارے لئے مشعلِ راہ ہے۔

(جاری ہے)

مخدوم احمد محمود نے کہا کہ فاطمہ جناح کی قربانیاں، قیادت، اصول پسندی اور عوام دوستی ایسی صفات ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ وہ آج بھی تمام پاکستانیوں، بالخصوص خواتین کے لئے رول ماڈل ہیں۔ ان کا کردار اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور جمہوریت کے لئے خواتین کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مادرِ ملت کے مشن کی حقیقی وارث ہے، جو جمہوری اقدار، انسانی حقوق، مساوات اور آئین کی بالادستی کے لئے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔

آج کے دن ہم اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم فاطمہ جناح کے خوابوں کی تکمیل اور ایک ترقی پسند، جمہوری و خوشحال پاکستان کے قیام کے لئے اپنی جدوجہد کو مزید مضبوطی سے جاری رکھیں گے۔مخدوم سید احمد محمود نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی قیادت میں مادرِ ملت کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ایک پرامن، باوقار اور فلاحی ریاست کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لئے پرعزم ہے۔