مرکزی علما کونسل پاکستان کاماہ اگست کو استحکام پاکستان کے طور پر منانے کا اعلان

جمعرات 31 جولائی 2025 13:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) مرکزی علما کونسل پاکستان کے زیر اہتمام ماہ اگست کو استحکام پاکستان کے طور پر منایا جائے گاجبکہ14اگست کو وطن عزیز کے تمام مدارس اور تعلیمی اداروں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے اور یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد کی جا ئیں گی۔چیئرمین مرکزی علماکونسل پاکستان صاحبزادہ زاہدمحمود قاسمی نے اے پی پی کو بتایاکہ5اگست کو انڈیا کے غیرقانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے انڈیا کے غیر قانونی اقدام کے خلاف یوم استحصال منایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام حملہ بھارتی خود ساختہ منصوبہ ہے، مودی حکومت پاکستان اور چین کے مضبوط تعلقات سے خوفزدہ ہے ، پاکستان کی عسکری قیادت کا آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مورال بلند ہوا ہے جبکہ بھارتی حکومت کو ہر سطح پرناکامی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان کیلئے قیام پاکستان والے جذبے کی ضرورت ہے۔زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ14 اگست پاکستان کے اسلامی تشخص اور اس کی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کا حلف اٹھانے کا دن ہے،پاک وطن وہ چمن ہے جس کی آبیاری ہمارے بزرگوں نے اپنے لہو سے کی، پاکستان کو آج بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، بلوچستان، خیبر پختونخوا میں ملک دشمن عناصر اپنے ایجنٹوں کے ذریعے عدم استحکام پیدا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام اور ملک دشمن عناصر پاکستان کی سلامتی و استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں لہٰذا بحیثیت پاکستانی قوم ہمیں سیاسی، مسلکی، گروہی، لسانی اختلافات سے نکل کر ایک قوم بننا ہوگااور پاکستان کو پر امن بنانے کیلئے انتہاپسندانہ رویوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہو گی۔