کراچی سمیت سندھ بھر میں معرکہ حق جشن آزادی کی 14روزہ تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے،صوبائی وزیر سعید غنی

جمعہ 1 اگست 2025 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم اس سال جشن آزادی کو بھرپور جوش و جذبہ کے ساتھ یکم سے 14اگست تک منا رہے ہیں کیونکہ اس سال ہم نے "معرکہ حق" میں بھارت کو ایسی شکست دی ہے، جس نے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بلند کیا ہے۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر کراچی کے تحت پیپلز چورنگی تا مزار قائدتک نکالی جانے والی ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ آج سے کراچی سمیت سندھ بھر میں معرکہ حق جشن آزادی کی 14روزہ تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے اور اس سال صرف سندھ حکومت کے مختلف محکموں کے تحت صوبے بھر میں ہزاروں کی تعداد میں اس طرح کی تقریبات ان 14 دنوں میں منعقد کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سال ہم ہر سال کی طرح روایتی انداز کی بجائے بھرپور جوش و جذبہ کے ساتھ اپنا 78 واں جشن آزادی منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ اس سال کے جشن آزادی کے 14روزہ تقریبات میں ملک کا ایک ایک شخص اپنا حصہ ڈالے۔ انہوں نے کہاکہ اب دنیا کی کوئی طاقت پاکستان پر حملہ آور ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتی، اللہ کی رضا اور پاکستانی فوج کی ہمت سے بھارت کے نصیب میں ذلت اور پاکستان کے نصیب میں فتح ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال ہم نے جشن آزادی بھرپور انداز میں منانا ہے اور ساتھ ہی بھارت کے خلاف کامیابی کا بھی جشن منانا ہے۔

تقریب سے ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی انتھونی نوید،کمشنر سید حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ریلی میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں، اسکولوں کے طلبہ و طالبات، اسکائوٹس سمیت مختلف این جی اوز کے عہدیداران نے شرکت کی اورہاتھوں میں پاکستان کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مختلف مکاتب فکر، سیاسی جماعتوں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں سے اس سلسلے میں ملاقاتیں کررہے ہیں اور ان تمام کی جانب سے بھی اس سال جشن آزادی کو بھرپور انداز میں منانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ایک ایک گھر، دکان، مارکیٹ، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں سجائی جائیں گی اور اس پر انعامات بھی دئیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ حیدرآباد، سکھر اور کراچی میں تین بڑے میگا ایونٹس بھی منعقد کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 13اور 14اگست کی شب کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں بہت بڑے کنسرٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ آتش بازی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب بھارت تو کیا دنیا کی کوئی طاقت پاک سرزمین پر اب حملہ کا سوچ بھی نہیں سکتی، ہم اس سال پاکستان کا جشن آزادی اور بھارت کے خلاف کامیابی کا جشن ساتھ ساتھ منائیں گے۔