شیخانی پولیس پوسٹ پر ڈاکوئوں کے حملے میں شہید 05 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ صادق شہید پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہدا کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اہلکاروں کی جرات اور بہادری کو سلام اور ان کے ورثا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، آئی جی پنجاب پولیس کچہ ایریا کے ڈاکوں اور شر پسند عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائے گی‘ ڈاکٹر عثمان انور کا عزم

جمعہ 1 اگست 2025 21:40

رحیم یار خان/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)شیخانی پولیس پوسٹ حملے میں شہید 05 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ صادق شہید پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ پولیس فورس وقار عباسی، کمشنر بہاولپور، آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید، ایس ایس پی گھوٹکی، ڈی پی او رحیم یار خان، ڈی پی او راجن پور، رینجرز، پاک فوج کے افسران، شہدا کے اہلخانہ، میڈیاکے نمائندوں اور سینئر پولیس افسران و اہلکاروں نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہدا کے جسد خاکی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔آئی جی پنجاب نے شہدا ء کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ اہلکاروں کی جرات اور بہادری کو سلام اور ان کے ورثا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

پنجاب پولیس 1650 سے زائد بہادر شہدا ء کی امین فورس ہے۔پولیس کچہ ایریا کے ڈاکوں اور شر پسند عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائے گی۔

آئی جی پنجاب شہدا پولیس کے اہل خانہ سے ملے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہدا ئے پولیس کے اہل خانہ کی ویلفیئر میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔شہدا ء کیاہل خانہ محکمہ پولیس کی ذمہ داری ہے، احسن طور پر نبھائیں گے۔کچہ کریمینلز کے خلاف مزید طاقت و حکمت عملی کے ساتھ نبرد آزما ہوں گے۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہدا ئے پولیس کے جسد خاکی تدفین کیلئے ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کر دئیے گئے۔

آئی جی پنجاب نے میڈیا نمائندگان کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ راکٹ لانچر فائر ہونے کے باوجود بھی ہمارے جوانوں نے بہادری اور جوانمردی سے ڈاکوں کے ساتھ مقابلہ جاری رکھا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہم رحیم یارخان، پنجاب اور پاکستان کی عوام کو محفوظ بناتے رہیں گے۔ ڈاکوئوں کو نیست ونابود کرنے تک جنگ جاری رہے گی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ڈاکوئوں کے بزدلانہ حملے میں شہادت کے رتبے پر فائز ہونے والوں میں محمد عرفان، محمد سلیم اور نخیل کا تعلق بہاولنگر جبکہ خلیل اور غضنفر کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔

ڈی پی او رحیم یار خان نے کہا کہ پولیس ڈاکوں کا تعاقب اور فائرنگ کے تبادلہ کے دوران ایک حملہ آور ڈاکو بھی ہلاک ہوا۔علاوہ ازیںانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے رحیم یار خان کی شیخانی پولیس پوسٹ پر ڈاکوئوں کے حملے میں 05 پولیس اہلکاروں کی شہادت کی اطلاع پر سینئر افسران کے ہمراہ فوری رحیم یارخان پہنچے،جائے وقوعہ اور پولیس کیمپوں کا دورہ بھی کیا۔

آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی ۔آئی جی پنجاب نے ڈی پی او رحیم یارخان کو فائرنگ میں ملوث ڈاکوئوں کی فوری گرفتاری اور آپریشن مزید تیزی سے جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔ترجمان کے مطابق ڈاکوئوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چھپ کر راکٹ لانچرز کے ساتھ بزدلانہ حملہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کا مورال بلند ہے اور بزدلانہ کاروائیاں جانیں قربان کرنے والی پولیس فورس کا مورال پست نہیں کر سکتیں۔کچہ کے ڈاکوئوں کے خلاف پولیس آپریشن بھرپور طاقت سے جاری رہے گا اور جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔