جموں وکشمیر ،حریت کانفرنس نے 5اگست کو ہڑتال کی کال دے دی

ہفتہ 2 اگست 2025 16:20

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ 5 اگست کوپورے علاقے میں مکمل ہڑتال کریں اور اس دن کو یوم استحصال کشمیر کے طور پر منائیں۔ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے 5 اگست2019 کو جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر میں بیان میں کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ جموںو کشمیر میں ہندوتوا دہشت گردی کو بے نقاب کرنے اور خطے میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی طرف بین الاقوامی توجہ مبذول کرانے کے لیے 5 اگست کو احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور دیگر پروگرام ترتیب دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 5اگست کشمیر کی تاریخ کا ایک المناک دن ہے جب 6سال قبل مودی حکومت نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کی اور کشمیریوں کو تمام سیاسی، سماجی، ثقافتی، اقتصادی، مذہبی اور دیگر بنیادی حقوق سے محروم کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام کشمیر یوں کی منفرد شناخت کو مٹانے اور علاقے کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کےلئے کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کو ایک بہت بڑے قید خانے میں تبدیل کیا گیا ہے ، علاقے میں تعینات دس لاکھ سے زائد بھارتی فورسز نے کشمیریوں کی زندگی جہنم بنا دی ہے۔ بھارتی فورسز نے 5 اگست 2019 سے ایک ہزار سے زائد کشمیریوں کو قتل کیا ہے جب کہ حریت رہنمائوں ، کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیری جیلوں اور عقوبت خانو ں میں بند ہیں۔انہوں نے کہا کہ ”این آئی اے، ایس آئی اے اور ایس آئی یو“ جیسے بدنام زمانہ بھارتی اداروں نے سینکڑوں کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں آ بادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کےلئے اب تک لاکھوں بھارتی ہندئوں کو مقبوضہ علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس دیے گئے ہیں۔ غلام احمد گلزار نے کہا کہ بھارت اپنے تمام ہتھکنڈوں ، سازشوں اورمظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے ، وحشیانہ بھارتی مظالم نے کشمیریوں کا یہ احساس مزید پختہ کر دیا ہے کہ بھارت ان کا بدترین دشمن ہے اورا سکے قبضے میں ان کی زندگی، عزت، مستقبل، مذہبی شناخت، ثقافت کچھ بھی محفوظ نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی شکست نوشتہ دیوار ہے ، اسے ایک دن کشمیرسے جانا ہوگا۔غلام احمد گلزار نے کشمیر کاز کی مسلسل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اسلام آباد تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی سفارتی کوششوں کو تیز کرے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کا احتساب کرے اور اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے پر مجبور کرے۔