جشن آزادی تقریبات جاری، کراچی سے چوکنڈی تک خواتین کی بائیک ریلی کا انعقاد

اتوار 3 اگست 2025 15:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) صوبائی وزراء سعید غنی اور سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ پورا پاکستان جشن آزادی معرکہ حق منا رہا ہے، اس سال 14 اگست کے حوالے سے سندھ حکومت کے تمام محکموں نے سینکڑوں کی تعداد میں پروگرامز مرتب کئے ہیں ، ہم اس سال جشن آزادی اور بھارت کو پاک فوج کی جانب سے دی جانے والی شکست کا جشن مل کر منا رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو محکمہ سیاحت و ثقافت کے تحت قائد اعظم ہائوس سے چوکنڈی قبرستان تک 29 کلومیٹر طویل خواتین موٹر سائیکل ریلی کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستانی پرچم لہرایا گیا اور قومی ترانہ گایا گیا اور پاکستان کی آزادی کی 78 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سیاحت و ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ آج خواتین کی بائیک ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے٫ اس ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں خواتین بائیک رائڈرز شریک ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آج سے 14 اگست تک پورا پاکستان جشن آزادی معرکہ حق منارہا ہے۔ سندھ بھر میں بھی وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر سندھ میں تمام محکمے پروگرامز کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کی بات ہمیشہ پیپلزپارٹی نے کی ہے۔ ہماری پہلی وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو تھی۔آج خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو میدان میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی جدوجہد سے ہمیں آزادی ملی ہے۔

سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ محکمہ سیاحت و ثقافت کے تحت حیدرآباد، سکھر اور کراچی میں میگا ایونٹ ہونے جارہے ہیں۔ اس موقع پر جو اچھی گاڑی، دکان، گلی سجائے گا اسے انعام دیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ آج کی ریلی 29 کلومیٹر سے زیادہ طویل روٹ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے علاوہ بھی پورے سندھ میں جشن آزادی معرکہ حق کے بینرز تلے تقریبات ہورہی ہیں اور یہ سلسلہ 14 اگست تک بلا تعطل صوبے بھر میں روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔

سعید غنی نے کہا کہ 9 اگست کو کراچی میں ایکسپو سینٹر میں بہت بڑا مشاعرہ ہورہا ہے، جبکہ 13 اور 14 اگست کی شب کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ایک عظیم الشان کنسرٹ منعقد کیا جارہا ہے جس میں ملک کے مایہ ناز فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے اور قومی و ملی نغموں سے اپنے وطن سے محبت کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری عوام سے گزارش ہے زیادہ سے زیادہ پروگرامز میں شرکت کریں۔ سعید غنی نے کہا کہ جشن آزادی اور اس جشن میں قومی جذبے کیساتھ شرکت کریں۔ ہم 14 اگست تک اس مہم کو ہم عروج پر لیکر جائیں گے۔