نو مئی کے مقدمات کی سزائیں قانون کے مطابق دی گئیں، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال

پیر 4 اگست 2025 22:52

نو مئی کے مقدمات کی سزائیں قانون کے مطابق دی گئیں، وفاقی وزیر اطلاعات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات کی سزائیں قانون کے مطابق دی گئیں، 9 مئی کے واقعات میں کون لوگ ملوث تھے سب کو معلوم ہے، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی، قومی املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو اپنے کئے کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، میاں اظہر کی وفات سے سیاسی خلاء پیدا ہوا، مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق گورنر پنجاب میاں اظہر کے انتقال سے ملکی سیاست میں ایک خلاء پیدا ہوا جو کبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔ میاں اظہر کے والد اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے والد میاں محمد شریف کے درمیان دیرینہ تعلقات قائم تھے، میاں اظہر کی وفات نہ صرف پاکستان کی سیاست بلکہ اس ایوان کا بھی بڑا نقصان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور کی سیاست میں میاں اظہر کا ایک موثر اور تاریخی کردار رہا ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب میاں نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ محترمہ کا انتقال ہوا تو ہم نے عدالت سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی جس پر کہا گیا کہ اوپر سے حکم نہیں، بانی پی ٹی آئی ہر لمحے کی اپ ڈیٹ لیتے تھے۔ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کو دی گئی سزائوں کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 9 مئی کے جیسے واقعات تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے۔

نو مئی کے واقعات میں ملوث عناصر نے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی، کرنل شیر خان شہید کے مجسمے کو نقصان پہنچایا اور عسکری تنصیبات پر حملے کئے، انہوں نے نو مئی کو جو کچھ کیا اب انہیں بھگتنا پڑے گا، انہیں قانون کے مطابق سزائیں دی گئیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نو مئی کے واقعات پر قوم سے آج تک معافی نہیں مانگی گئی، جن چہروں نے یہ سب کچھ کیا وہ سب شناخت شدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو اعتراض ہے تو وہ عدالت سے رجوع کرے۔