بلوچستان کی بزنس کمیونٹی ہمسائیہ ملک ایران کے ساتھ مستحکم تجارتی تعلقات چاہتی ہے،حاجی ایوب مریانی

پیر 4 اگست 2025 20:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی اور سنیئر نائب صدر حاجی اختر کاکڑ نے ڈپٹی وزیر اعظم پاکستان اسحاق ڈار کی جانب سے ایران کے صدر اور ان کے ہمراہ پاکستان کا فوری کرنے والے وفد میں شامل حکام کو پاک ایران دوطرفہ تجارت میں عدم توازن کے خاتمہ کیلئے چیمبراف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کی جانب سے دئیے جانے سفارشات پیش کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کی بزنس کمیونٹی ہمسائیہ ملک ایران کے ساتھ مستحکم تجارتی تعلقات چاہتی ہے تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت میں پایا جانے والے عدم توازن کا خاتمہ کیا جائے اس سلسلے میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران نے حال ہی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت اور خزانہ کے جوائنٹ سیشن میں سینیٹر انوشہ رحمان اور سینیٹر سلیم مانڈی والا کو سفارشات پیش کر کے 38 آئٹمز کاایک لسٹ بھی پیش کرنے سمیت تجویز دی تھی کہ ایران کے صدر اور دیگر پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد کے سامنے اسے پیش کیا جائے تاکہ دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ مل سکے اور اس میں پایا جانے والے عدم توازن بھی ختم ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے ہماری موجودگی میں مذکورہ لسٹ و دیگر سفارشات ایران کے صدر اور ان کے ہمراہ آنے والی اعلیٰ سطح وفد کو پیش کر دی ہے ہمیں امید ہے کہ ایران کی جانب سے ہمیں مذکورہ لسٹ میں شامل آئٹمز کی ایران برآمد کی اجازت ملے گی بلکہ ان پر ٹیرف میں بھی ہمیں رعایت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس کی کاوشیں رنگ لے آئی ہیں اور ہماری آواز ملک کی ایوانوں تک پہنچ چکی ہے ہم ڈپٹی وزیر اعظم کے شکر گزار ہے جنہوں نے ہماری آواز ایران کے حکام تک پہنچائی ہم پر امید ہے کہ پاکستان اور ایران لینڈ روٹ تجارت کو مزید فروغ دینے کیلئے اس کو مزید سہل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان روز اول سے ہی ہمسائیہ ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر دوطرفہ تجارت کے فروغ و استحکام کیلئے کوشاں رہی ہے بلکہ ہم صوبے کی بزنس کمیونٹی کو درپیش مشکلات کے لئے بھی ہمہ وقت میدان عمل میں برسر پیکار ہیں اور اس سلسلے میں ہم کوئی لمحہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔