Live Updates

نیویارک ٹائمز " میں اشتہار پاکستان کے آئینی، عدالتی و عسکری نظام پر حملہ ،راجہ انصاری ایڈووکیٹ

منگل 5 اگست 2025 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)ترجمان حکومت پاکستان برائے صوبہ سندھ راجا خلیق الزمان انصاری نے نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والے اس اشتہار پر شدید ردعمل دیا ہے جس میں پاکستان کی منتخب اور آئینی حکومت، آزاد عدلیہ، اور قومی سلامتی کے ضامن اداروں پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں۔ترجمان نے کہا کہیہ اشتہار نہ صرف حقائق کے منافی ہے بلکہ ایک مخصوص سیاسی جماعت اور ان کے بیرونی ہمدردوں کی جانب سے پاکستان کے آئینی اور جمہوری ڈھانچے کو کمزور کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک آزاد، خودمختار ریاست ہے جہاں عدلیہ مکمل طور پر آزاد ہے اور ہر شہری بشمول سابق وزیر اعظم عمران خان کو آئینی و قانونی حقوق حاصل ہیں۔

(جاری ہے)

عمران خان پر جو مقدمات قائم کیے گئے ہیں، وہ مالی بدعنوانی، توہین عدالت، اور قومی سلامتی کے خلاف جرائم سے متعلق ہیں، اور ان کا احتساب آئین و قانون کے مطابق ہو رہا ہے۔

افواجِ پاکستان پر تنقید دراصل ملک دشمن بیانیے کی ترویج ہے۔ جنرل عاصم منیر ایک پیشہ ور، باوقار اور آئینی سربراہ ہیں جنہوں نے ملک کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نئی راہ پر گامزن کیا ہے۔ 9 مئی 2023 کے واقعات کے تناظر میں قومی تنصیبات، شہدا کی یادگاروں اور ریاستی علامتوں پر حملے کرنے والوں کا احتساب ناگزیر ہے۔ترجمان نے مزید کہاپاکستان میں کوئی مارشل لا نافذ نہیں۔

یہاں ایک آئینی، جمہوری حکومت موجود ہے جو قانون کے مطابق کام کر رہی ہے۔ سیاسی قیدی صرف وہ ہوتے ہیں جن پر جھوٹے مقدمات قائم ہوں۔ 9 مئی جیسے سانحات میں ملوث افراد کا احتساب قانون کی روح کے عین مطابق ہے۔ترجمان نے بین الاقوامی برادری کو بھی واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ:Global Magnitsky جیسے قوانین انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر لاگو ہوتے ہیں، نہ کہ ان افراد پر جو دہشت گردی، غداری اور ریاستی اداروں پر حملے جیسے جرائم میں ملوث ہوں۔

ترجمان راجا خلیق الزمان انصاری نے کہاپاکستان کا مستقبل جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور اداروں کے احترام سے وابستہ ہے۔ ہم کسی فردِ واحد یا گروہ کو ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ پاکستان کے عوام، ریاستی ادارے اور محب وطن پاکستانی مل کر دشمن کے ہر ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے۔ پاکستان ان شا اللہ قائم و دائم رہے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات