سرینگر، بھارتی پولیس نے نوجوان کو دوران حراست تشدد کر کے شہید کر دیا

جموں خطے میں پیرا ملٹری کی مزید 25 کمپنیاں تعینات

بدھ 6 اگست 2025 21:32

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی پولیس نے سرینگر میں ایک کشمیری نوجوان کو دوران حراست بہیمانہ تشدد کر کے شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے سرینگر کے علاقے عیدگاہ کے رہائشی نوجوان ریاض احمدکو تھانے میں شدید تشدد کانشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اسکی موت واقع ہو گئی۔

نوجوان کے قتل پر علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اورلوگوں نے سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کیا۔ انہوں نے واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔بھارت نے جموں خطے کے کٹھوعہ، ادھم پور اور سانبہ اضلاع میں پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی 25اضافی کمپنیاں اور کوبرا کمانڈوز کی2 یونٹ تعینات کر دیے ہیں۔

(جاری ہے)

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جموں خطے کے ان پہاڑی اضلاع میں کارروائیوں کے لئے انتہائی تربیت یافتہ ایلیٹ فورس’’کوبرا‘‘ کی تعیناتی بھارت کے اس مذموم منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد علاقے پر اپنی گرفت مضبوط کرنا اور کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی کو دبانا ہے۔

جموں میں’’ این آئی اے‘‘ کی ایک خصوصی عدالت نے جماعت اسلامی کے تین کارکنوں امیر محمد شمسی، عبدالحمید گنائی اور مشتاق احمد میر اور راجوری میں قائم الحدیدہ ایجوکیشنل ٹرسٹ پر جھوٹے مقدمات میں فرد جرم عائد کردی ہے۔ این آئی اے نے سرینگر میں کئی نظربند نوجوانوں کے گھروں پر چھاپے مارے جن میں رستم کالونی کا رہائشی ہاشم فاروق میر کا گھر بھی شامل ہے۔

دریں اثناء بھارتی نے ضلع کٹھوعہ میں ایک اور کشمیری محمد اشرف کی 16مرلے سے زائد اراضی ضبط کر لی ہے زمین ضبط کرلی ہے۔بھارتی فوج نے ضلع کولگام کے علاقے آکھرن دیوسر میں آج مسلسل چھٹے روز بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری رکھی۔ آپریشن میں ڈرونز، ہیلی کاپٹروں اور ایلیٹ فورسز کا استعمال کیاجارہا ہے ۔ آپریشن کی وجہ سے شہری گھروںمیں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں 5اگست کویوم استحصال کشمیر منانے پر حکومت پاکستان اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ بیان میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری غیر قانونی بھارتی اقدامات کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے حل لیے کردار ادا کرے۔واشنگٹن میں ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم اور دیگر کشمیری تنظیموں نے عالمی آگاہی مہم کے تحت موبائل ڈیجیٹل ٹرکوں کے ذریعے مقبوضہ جموں وکشمیر کی سنگین صورتحال کو اجاگرکیا۔

اشتہاری ٹرکوں پر’’ بھارت کشمیر میں آبادکاری کا مذموم سلسلہ ختم کرے ، کشمیر کو اپنی بقاء کے خطرے کا سامناہے ، امریکہ فوری اقدامات کرے ‘‘جیسے پیغامات درج تھے۔ لندن، برسلز، استنبول، ٹورنٹو اور نیویارک سمیت دنیا کے بڑے بڑے شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے اور آگاہی مہم کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور تارکین وطن کشمیریوں، پاکستانیوں نے 5اگست 2019کے بھارتی اقدامات کی شدیدمذمت کی ۔