Live Updates

حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے معاشی استحکام آیا، وزیرمملکت خزانہ

جمعرات 7 اگست 2025 17:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) قومی اسمبلی کووزیرمملکت برائے خزانہ و محصولات بلا ل اظہر کیانی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے معاشی استحکام آیا، پرائمری بیلنس بھی مثبت ہوا اور ہمارے غیرملکی معاشی ادارے ہیں، فچ، موڈیز اور ایس این پیز نے مثبت اشاریوں کی نشاندہی کی ہے۔جمعرات کو قومی اسمبلی میں مہرین رزاق بھٹو کے افراط زر میں کمی کے حوالے سے اقدامات کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے معاشی استحکام آیا، پرائمری بیلنس بھی مثبت ہوا اورغیرملکی ریٹنگ اداروں فچ اورموڈیز و دیگرنے مثبت اشاریوں کی نشاندہی کی ہے، حکومت کاروبار اورمعیشت کا پہیہ چلانے کے ساتھ ساتھ مہنگائی پر قابو پانے کےلئے بھی اقدامات کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوت خرید اسی صورت بڑھے گی جب مہنگائی قابو میں آئے گی اور روزگار بڑھے گاجس کےلئے نچلے طبقے کی قوت خرید بڑھانے کےلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کمزور طبقہ کے ایک کروڑ خاندانوں کو بی آئی ایس پی کے تحت پہلے 460ارب روپے دیئے جارہے تھے جسے گزشتہ سال بڑھا کر 592ارب روپے کیا گیا اور اب اسے 716ارب روپے کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقہ کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا گیاہے،ٹیکس ریٹ میں کمی کی گئی ہے، صنعتی پالیسی اور ٹیرف ریفارمز پر بھی کام کررہے ہیں جس سے گروتھ بڑھے گی۔ مرزا اختیار بیگ نے انڈسٹریل ٹیرف کے حوالے سے ضمنی سوال اٹھایا کہ بجلی کی قیمتوں کوکب 8 اور9 فیصد پر لارہے ہیں جس پربلال اظہر کیانی نے جواب دیا کہ انڈسٹریل ٹیرف میں بہتری آئی ہے، امریکہ سے جو تجارتی معاہدہ ہوا ہے اس کے نتیجہ میں19 فیصدکا ٹیرف ملا ہے جو جنوبی ایشیا کے خطے میں سب سے کم ٹیرف ہے، اس سے یقیناً ہماری برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ ہماری سب سے بڑی برآمدی منزل ہے اس ٹیرف میں کمی سے ہمیں فائدہ ہوگا ۔بلا ل اظہر کیانی نے کہا کہ یہاں پر تین سال پہلے سائفر لہرائے گئے تھے اس وقت یہ تصور نہیں کیا جاسکتا ہے تھا کہ امریکہ سے ہماری تعلقات بہتر ہونگے اور امریکہ کی جانب سے جنوب ایشیائی خطہ میں کمی ترین ٹیرف ملے گا، امریکہ سے تعلقات کی اپوزیشن کی تمام تر کوششوں کے باوجودموجودہ حکومت نے تین سال کی مدت کے اندر امریکہ کے ساتھ تعلقات بہتر کئے، بھارت کے ساتھ جنگ میں کامیابی ملی ، وزیراعظم نے سفارتی کوششوں کی قیادت کی، امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعاون بڑھا، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنشان امتیاز(ملٹری) کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی، امریکی سیکرٹری خارجہ سے نائب وزیراعظم کی ملاقات ہوئی اور حال ہی میں دوبار ہ بات چیت ہوئی، یہ معاہدہ ان تمام مستحکم سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے اور یقیناً اس سے ہماری معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ انرجی ٹیرف کو یقیناً کم کرنا چاہتے ہیں ، گزشتہ سال جب گنجائش تھی تب آئی پی پیز کے ساتھ بات چیت کی گئی اور ریکوری میں بہتری لائی گئی، خسارے کو بھی کم کیا گیا، توانائی سیکٹرریفارمز پروگرام کے ذریعے ٹیرف کی کمی کے طریقہ کار پر کام جاری ہے، ڈسکوز کی نجکاری ، این ٹی ڈی سی کی تنظیم نو اور ہول سیل الیکٹرسٹی مارکیٹ کے قیام پر بھی کا م ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیرف ریفارمز کے ساتھ ساتھ تجارتی معاہدوں کا کردار اور صنعتی پالیسی جیسے اقدامات کے نتیجہ میں ہماری پیداواری لاگت میں کمی ہوگی اوربرآمدات بڑھیں گی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات