سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ژوب میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

جمعہ 8 اگست 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے علاقے ژوب میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے 33 بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی اور ان کی جرات و بہادری کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کے تحفظ کے لئے سکیورٹی فورسز کی جراتمندانہ کارروائیوں پر فخر ہے، پاکستان کے دشمنوں کو ان کے مذموم عزائم میں کبھی کامیابی نہیں ملے گی، پوری قوم افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، پاکستان کی سر زمین پر دہشت گردی اور بھارتی مداخلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کے ناپاک عزائم کو قومی یکجہتی کے ساتھ خاک میں ملایا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی مزید کامیابیوں کے لئے دعا گو ہوں۔