مملکت خداداد پاکستان کا قیام بانی پاکستان حضرت قائد محمد علی جناح ؒکی انتھک محنت اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے،وزیر جنگلات

�ست ہماری تاریخ کا اہم ترین دن ہے کہ اس کے طلوع آفتاب نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو آزادی کا پیغام سنایا،چوہدری محمد اکمل حسین سرگالہ

اتوار 10 اگست 2025 15:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء) آزاد ریاست جموں وکشمیر کے وزیر جنگلات ،مسلم لیگ ن کے رہنماء چوہدری محمد اکمل حسین سرگالہ نے کہا ہے کہ 14اگست ہماری تاریخ کا اہم ترین دن ہے کہ اس کے طلوع آفتاب نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو آزادی کا پیغام سنایا۔ اس دن دنیا بھر کے ممالک نے دنیا کے نقشے پر ایک نئی ریاست کو ابھرتے ہوئے دیکھا ۔

مملکت خداداد پاکستان کا قیام بانی پاکستان حضرت قائد محمد علی جناح ؒکی انتھک محنت اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے ۔دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن بنیان مرصوص جاری رہے گا پاکستان کی سلامتی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گاوزیر جنگلات نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص دہشت گردی، انتہا پسندی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

یہ آپریشن ملکی سالمیت، امن و استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایک فیصلہ کن مرحلہ ہے۔اکمل حسین سرگالہ نے کہا کہ پاک فوج، رینجرز، پولیس اور حساس ادارے مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں، اور اس دوران کسی سیاسی دباؤ یا مصلحت کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔ دہشت گرد چاہے ملک کے کسی بھی کونے میں ہوں، انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نہ صرف عسکری محاذ پر ایک کامیاب حکمتِ عملی ہے بلکہ یہ فکری اور نظریاتی محاذ پر بھی شدت پسندی کے بیانیے کو توڑنے کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس آپریشن کے تحت دہشت گردوں کی مالی معاونت، اسلحہ کی فراہمی، اور ان کے نیٹ ورک کو ختم کیا جا رہا ہے۔اکمل حسین سرگالہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں، اور یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قیمت پر دہشت گردی کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ریاست اپنی رٹ ہر صورت قائم رکھے گی۔ قائد اعظم نے تحریک پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کر کے نہ صرف تاریخ کا دھارا بدل کر رکھ دیا بلکہ دنیا کے نقشہ کو تبدیل کر کے رکھ دیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے جذبوں ، سوچ اور روح میں نظریہ پاکستان رچابسا ہے۔

پاکستان ہی کشمیریوں کی آرزئوں اور امنگوں کا واحدمرکز ہے اور پاکستان کو ہی کشمیری اپنی منزل سمجھتے ہیں ، انشاء اللہ و ہ دن دور نہیں جب ہم آزادی کا جشن سرینگر میں بھی منائیں گے۔14اگست کے دن بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ اور بے لوث قیادت میں دنیا کی سب سے بڑی نظریاتی اسلامی مملکت خداداد پاکستان معرض وجود میں آئی۔

پاکستان کا قیام برصغیر جنوبی ایشیاء کے مسلمانوںکی اجتماعی قومی امنگوں اور آرزوں کا مظہر ہے۔14/اگست1947 ایک تاریخ ساز دن تھا جب علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ہوئی ۔14اگست یوم آزادی کے حوالے سے اپنے جاری کردہ بیان میں چوہدری محمد اکمل سرگالہ نے کہا کہ پاکستان کا قیام دو قومی نظریہ کا مرہون منت ہے اور اس نظریہ کی بنیاد پر جب پہلی بار مفکر اسلام حضرت علامہ اقبال نے برصغیر کو تقسیم کر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ مملکت کے قیام کا تصور پیش کیا تھا تو اس کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے مسلمانوں کے قومی تشخص اور اسلام کی تہذیبی اور ثقافتی اقدار اور روایا ت پر خاص زور دیا تھا اور انہوں نے قائد اعظم کی خصوصی توجہ مبذول کرائی تھی کہ شریعت اسلامیہ کے نفاذ کیلئے ایک علیحدہ اسلامی ریاست کا قیام ناگزیر ہے ۔

قائد اعظم نے اس نظریہ کی بنیاد پر مسلم لیگ کو منظم کر کے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پرچم تلے متحد کیا ۔ انہیں اپنے مقصد کی صداقت اور مسلمان عوام کی اجتماعی فہم و فراست پر غیر متزلزل یقین و اعتماد تھا۔ یہی وجہ ہے کہ آپ نے قرارداد پاکستان کی منظوری کے بعد صرف سات سال کے قلیل عرصہ میں ہندوؤں اور انگریزوں کی شدید ترین مخالفت کے باوجود صرف اور صرف آئینی جدو جہد کے ذریعے تحریک پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اس کے آئین میں حالیہ ترامیم سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی عوا م کو طاقت کے زور پر دبانا چاہتا ہے۔ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرہ ہے اور بنیادی انسانی حقوق پر پابندیوںکی شدید مذمت کرتے ہیں اور حکومت پاکستان ،پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ بھر پور یکجہتی کو سراہتے ہیں۔