پاکستان فیڈریشن میں یومِ اقلیتی قومی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا

قومی تعمیر ،ترقی اور خوشحالی میں اقلیتوں کے کردار کلیدی ہے،ہندو برادری صف اول میں کھڑے ہیں،ڈاکٹر شام سندر کے ایڈوانی

اتوار 10 اگست 2025 16:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)کے ہیڈ آفس میں یومِ اقلیتیان کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کا مقصد پاکستان کی ترقی میں مذہبی اقلیتوں کی تاریخی، سماجی اور معاشی خدمات کو اجاگر کرنا تھا۔ یہ تقریب ایف پی سی سی آئی کی مرکزی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے بین المذاہب امن، ہم آہنگی اور اقلیتی امور کے زیرِ اہتمام منعقد کی گئی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی رکنِ صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکریٹری حکومتِ سندھ ڈاکٹر شام سندر ایڈوانی تھے۔میزبانی کے فرائض کمیٹی کے کنوینر دیپک کمار رمرکھیانی، چیئرمین ٹاسک فورس برائے زراعت شام لال منگلانی اور ڈپٹی کنوینر سردار رمیش سنگھ خالصہ نے انجام دیے۔

(جاری ہے)

تقریب میں وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی، رکن سندھ اسمبلی مہیش کمار ہاسیجا، کارڈینل جوزف کوٹس، ترشنا پٹیل، ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ساقب فیاض مگوں، نائب صدر عبدالمہمن خان سمیت سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شام سندر ایڈوانی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کا کردار نمایاں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری نے ہمیشہ اپنے مسلم بھائیوں کے شانہ بشانہ ملک کی تعمیر میں حصہ ڈالا ہے اور آج بھی تعلیم، طب، انجینئرنگ کے ساتھ ساتھ کاروبار کے شعبے میں اپنی خدمات دے کر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔قائداعظم محمد علی جناح کے 11 اگست 1947 کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر ایڈوانی نے کہا کہ پاکستان میں ہر شہری کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، جو بانیِ پاکستان کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے صدرِ پاکستان جناب آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے یومِ اقلیتی کو سرکاری سطح پر قومی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا، جو اقلیتی برادری کی خدمات کا تاریخی اعتراف ہے۔ڈاکٹر شام اڈوانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آڈی فریال تالپور اور بی بی آصفہ بھٹو زرداری کی اقلیتوں کے تحفظ اور بااختیار بنانے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سیاسی قیادت اور پاک افواج اقلیتوں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہیں۔تقریب کا اختتام کیک کاٹنے اور مہمانِ خصوصی ڈاکٹر شام سندر ایڈوانی سمیت دیگر معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔